• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

'ارشد خان چائے والا' اسلام آباد کے بعد لندن میں کیفے کھولنے کیلئے تیار

شائع May 21, 2021
ارشد خان نے 10  اکتوبر کو کیفے چائے والا کے نام سے پہلا آؤٹ لیٹ اسلام آباد میں کھولا تھا— فائل  فوٹو: فیس بک
ارشد خان نے 10 اکتوبر کو کیفے چائے والا کے نام سے پہلا آؤٹ لیٹ اسلام آباد میں کھولا تھا— فائل فوٹو: فیس بک

سوشل میڈیا سے مقبول ہونے والے ارشد خان المعروف ‘چائے والا‘ نے گزشتہ برس اسلام آباد میں اپنا کیفے قائم کیا تھا جس کا نام انہوں نے کیفے چائے والا رکھا تھا۔

پاکستان میں اپنے کیفے کی 3 برانچز کھولنے کے بعد ارشد خان اب بیرون ملک کاروبار شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ارشد خان برطانیہ کے شہر لندن میں اپنا کیفے کھولنے کے لیے تیار ہیں جو رواں برس کے اواخر میں کھلے گا۔

مزید پڑھیں: مشہور ہونے کے 3 سال بعد 'ارشد چائے والا' اب کیا کررہا ہے؟

فیس بک پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں ارشد خان نے لکھا کہ 'طاقت اور ترقی صرف مسلسل کوشش سے حاصل ہوتی ہے'۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انشااللہ رواں برس کے اواخر میں لندن میں ان کا پہلا کیفے کھلے گا۔

خیال رہے کہ ارشد خان نے 10 اکتوبر کو کیفے چائے والا کے نام سے پہلا آؤٹ لیٹ اسلام آباد میں کھولا تھا۔

ان کے کیفے کی دوسری برانچ جنوری 2021 میں کراؤن جیول مری میں کھولی گئی جبکہ تیسری برانچ گلبرگ گرینز میں ویلکم سینٹر میں کھولی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا سے مشہور ہونے والے ‘ارشد چائے والا’ اب کیا کرنے جارہے ہیں؟

اب وہ لندن میں بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی حاصل کررہے ہیں اور لندن میں ان کا چوتھا اور پہلا انٹرنینشل آؤٹ لیٹ 'کیفے چائے والا ارشد خان ' کے نام سے کھلے گا۔

اس ضمن میں انہوں نے برطانیہ میں 10 آؤٹ لیٹس کھولنے کے لیے ماسٹر فرنچائز ایگریمنٹ کیا ہے اور وہ برطانیہ میں مقیم 2 کاروباری شخصیات کے اشتراک سے اپنا کیفے کھولیں گے۔

یاد رہے کہ 5 برس اسلام آباد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر نے ایک چائے والے کی قسمت بدل دی تھی۔

ارشد خان المعروف چائے والا کی تصویر اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی فوٹوگرافر جویریہ علی نے اکتوبر 2016 میں شیئر کی تھی جس نے وائرل ہوتے ہی ان کی قسمت بدل دی تھی۔

— فائل فوٹو: سوشل میڈیا
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا

اس وقت فوٹوگرافر نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 'میں نے اتنے وجیہ نوجوان کا خیال بھی نہیں کیا تھا، یہ واقعی سرپرائز کردینے والا تھا'۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد کا 'گڈ لکنگ' چائے والا

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے اتوار بازار میں ایک فوٹو واک کے دوران تصویر لی اور اسے انسٹاگرام میں ایک عام پوسٹ کے طور پر اپ لوڈ کردیا جو اس وقت تو وائرل نہیں ہوئی تاہم چار یا پانچ دن بعد اچانک وائرل ہوگئی'۔

اس وقت ارشد خان کی عمر 18 سال تھی، جو اصل میں کوہاٹ سے تعلق رکھتے تھے اور تصویر لیے جانے کے وقت وہ اسلام آباد کے اتوار بازار میں 3 ماہ سے چائے بنانے کا کام کررہے تھے۔

— فوٹو بشکریہ ارشد خان انسٹاگرام
— فوٹو بشکریہ ارشد خان انسٹاگرام

اپنی پہلی تصویر کے حوالے سے ارشد کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے تھے کہ یہ کس نے لی تھی لیکن جب میڈیا ان تک پہنچا تھا تو وہ کافی گھبرا گئے تھے اور ان کے ماموں بھی یہ سب دیکھ کر کافی پریشان ہوگئے تھے کہ آخر میڈیا ان کے پیچھے کیوں پڑ گیا ہے۔

جس کے بعد وہ ماڈل بن گئے تھے اور بعد ازاں اداکاری میں بھی قسمت آزمائی کی تھی، پھر 2017 کے شروع میں یہ افواہیں پھیل گئی تھیں کہ ارشد خان اپنے اداکاری کے کیریئر کو چھوڑ کر واپس چائے کے اسٹال پر جارہے ہیں، جس کی وجہ ان کے خاندان کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیاں ہیں، ان قیاس آرائیوں کا آغاز اُس وقت ہوا تھا جب ارشد خان کی گلوکارہ مسکان جے کے ساتھ ایک میوزک ویڈیو ریلیز ہوئی تھی۔

— فائل فوٹو: سوشل میڈیا
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا

رپورٹس تھیں کہ ارشد خان کے گھر والوں کو گلوکارہ کے ساتھ بنائی گئی ان کی یہ ویڈیو بالکل پسند نہیں آئی اور انہوں نے ارشد کے شوبز کیریئر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شوبز چھوڑنے کی خبریں جھوٹی تھیں، ارشد خان

تاہم ڈان کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ارشد خان نے بتایاتھا کہ یہ خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔

بعدازاں 2019 میں انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں انکشاف کیا تھا وہ ایک بار پھر لوگوں کے لیے چائے بنانے کا کام کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وہ ماڈلنگ اور اداکاری کے کیرئیر کے باوجود چائے فروخت کرنے واپس آئے ہیں اور وہ اس کام کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔

—فائل فوٹو: فٹ ان ڈاٹ پی کے
—فائل فوٹو: فٹ ان ڈاٹ پی کے

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024