• KHI: Fajr 5:27am Sunrise 6:46am
  • LHR: Fajr 5:04am Sunrise 6:27am
  • ISB: Fajr 5:11am Sunrise 6:36am
  • KHI: Fajr 5:27am Sunrise 6:46am
  • LHR: Fajr 5:04am Sunrise 6:27am
  • ISB: Fajr 5:11am Sunrise 6:36am

تین روز کے وقفے سے کراچی کی ایک اور بڑی مارکیٹ میں آتشزدگی

شائع November 18, 2021
آگ وکٹوریہ مارکیٹ کی پانچویں منزل پر لگی—تصویر: وائٹ اسٹار
آگ وکٹوریہ مارکیٹ کی پانچویں منزل پر لگی—تصویر: وائٹ اسٹار

کراچی: صدر کی زینب مارکیٹ کے ساتھ قائم ایک اور مشہور مارکیٹ، وکٹوریہ مارکیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 4 گودام اور 45 دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ ایک ہفتے میں آتشزدگی کا دوسرا بڑا واقعہ ہے، اس سے قبل صدر کی کوآپریٹو مارکیٹ میں 14 نومبر کو لگنے والی آگ سے سیکڑوں دکانین جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔

عبداللہ ہارون روڈ پر واقع اس مارکیٹ کی پانچویں منزل پر آگ صبح ساڑھے 11 بجے لگی جس پر شدید کوششوں سے کئی گھنٹوں بعد قابو پایا گیا جبکہ کولنگ کا عمل رات دیر تک جاری رہا۔

ڈپٹی کمشنر ارشاد سودر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کئی منزلہ شاپنگ سینٹر کی بالائی منزل آگ سے تقریباً پوری تباہ ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس منزل پر زیادہ تر گودام تھے جہاں موسم سرما کے کپڑے رکھے گئے تھے اور چونکہ وہاں کوئی سرگرمی نہیں تھی اس لیے آگ آتشزدگی کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے۔

ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ نے کہا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور قانونی کارروائی کے آغاز کے لیے فائرمین کی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آتشزدگی کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔

آگ بجھانے کیلئے مناسب انتظامات کا فقدان

چیف فائر افسر مبین احمد نے ڈان کو بتایا کہ 12 سے 13 فائر انجنز اور 2 اسنارکلز نے آگ بجھانے کی کوششوں میں حصہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت کی بالائی منزل پر واقع 4 گودام تباہ ہوگئے اور دکانداروں نے دعویٰ کیا کہ 40 سے 45 دکانیں تباہ ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمارت میں آگ بجھانے کے مناسب انتظامات نہیں تھے اور کپڑے جن میں زیادہ تر جیکٹس اور سویٹرز مارکیٹ کے اندر اور سیڑھیوں پر بھی رکھے گئے تھے جس کی وجہ سے آگ قابو کرنے میں مشکلات ہوئیں۔

چیف فائر افسر کا مزید کہنا تھا کہ اس مصروف مارکیٹ میں کوئی فائر الارم نہیں تھا اور دکانداروں کو آگ لگنے کا اس وقت پتا چلا جب شعلے بلند ہوئے اور کالا دھواں عمارت سے نکلتا ہوا دکھائی دیا۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا نوٹس

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وکٹوریہ مارکیٹ کی آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے صدر میں ایک ہفتے کے دوران آتشزدگی کے دو واقعات کے حوالے سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

کوآپریٹو مارکیٹ کے تاجروں نے آتشزدگی کے پیچھے تخریب کاری کا شبہ ظاہر کیا تھا اور نامعلوم ملزمان کے خلاف پریڈی تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔

دوسری جانب ایس ایس پی جنوبی نے ڈان کو بتایا کوآپریٹو مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں لیکن وہ قانونی کارروائی کے آغاز کے لیے فائر بریگیڈ سے آگ لگنے کی اصل وجہ کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024