پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 539 کیسز رپورٹ
ملک بھر کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جبکہ عالمی وبا سے 25 اموات رپورٹ کی گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نےگزشتہ روز کیے گئے ٹیسٹوں کے اعداد و شمار کے حوالے سے کیے جانے والے ٹوئٹ میں کہا کہ ملک بھر میں گزشتہ روز 63 ہزار 272 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 7 ہزار 539 کے مثبت نتائج موصول ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11.91 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار 25 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک ہزار 240 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 2 کروڑ سے زائد اہل آبادی کی ویکسینیشن اب تک نامکمل
ادھر ملک بھر میں شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ویکسی نیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے، این سی او سی نے بتاتا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ویکسین کی 6 لاکھ 5ہزار 450 خوراکیں لگائی گئیں۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک ویکسین کی 17 کروڑ 22 ہزار 456 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔
یاد رہے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر این سی او سی کی جانب سے شہریوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے۔
این سی او سی نے شہریوں کو ماسک لازمی پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ مساجد اور عبادت گاہوں میں بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تنبیہ کی ہے۔
کراچی میں ویکسین عملے کے احتجاج کے باعث ویکسی نیشن سینٹر بند
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اس کی وجہ سے شہر میں ہونے والی مزید 12 اموات کے باوجود سندھ حکومت نے ایکسپو سینٹر میں قائم میگا ویکسی نیشن سینٹر اب تک فعال نہیں کیا گیا، تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث مرکزی سینٹر کا عملہ سراپا احتجاج ہے۔
مزید پڑھیں:کورونا کی وبا سے کروڑوں بچوں کی تعلیم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا انکشاف
ڈان اخبار کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ روزانہ ہزاروں شہریوں کو ویکسین کی سہولیات فراہم کرنے والا میگا سینٹر 9 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر عملے کے احتجاج کے باعث تین روز کے لیے بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ عملہ کئی ماہ سے سراپا احتجاج ہے اور اب انہوں نے کام چھوڑ دیا ہے، تین روز قبل انہوں نے مکمل طور پر خدمات معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ایکسپو سینٹر میں تعینات محکمہ صحت کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ’اس کے علاوہ وہ کیا کرسکتے ہیں مہینوں سے انہیں ایک پائی بھی ادا نہیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ یہ بد قسمتی ہے یہاں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں، کیونکہ یہاں پارکنگ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، اور یہاں کا عملہ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت نے بہترین خدمات انجام دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آئی اے ٹی اے کا مکمل ویکسین شدہ مسافروں کیلئے سفری پابندیوں سے استثنیٰ کا مطالبہ
یاد رہے ایکسپو سینٹر میں ویکسین سینٹر قائم ہوئے ایک سال کا عرصہ بھی مکمل نہیں ہوا ہے یہاں 500 ملازمین کی افرادی قوت خدمات انجام دے رہی ہے، ان میں سے متعدد کو نجی ادارے کی مدد سے ملازمت دی گئی ہے، اور یہاں 24 گھنٹے ویکسین کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
دریں اثنا کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 12 سے زائد اموات ہوئیں، اور 2 ہزار 404 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے نئے کیسز میں ایک ہزار 979 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے۔
ضلع شرقی میں 639 نئے کیسز سامنے آئے، ضلع جنوبی میں 481، ضلع وسطی میں 334، ضلع ملیر میں 193، ضلع کورنگی میں 188 جبکہ ضلع غربی میں 144 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔