• KHI: Maghrib 6:16pm Isha 7:31pm
  • LHR: Maghrib 5:44pm Isha 7:04pm
  • ISB: Maghrib 5:48pm Isha 7:11pm
  • KHI: Maghrib 6:16pm Isha 7:31pm
  • LHR: Maghrib 5:44pm Isha 7:04pm
  • ISB: Maghrib 5:48pm Isha 7:11pm

شاہ محمود سے اتنی گری ہوئی بات کی توقع نہیں تھی، یوسف رضا گیلانی

شائع February 1, 2022
یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کے وزیر خارجہ سے اس نچلی سطح پر جاکر بات کرنے کی توقع نہیں رکھتا تھا —فوٹو: ڈان نیوز
یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کے وزیر خارجہ سے اس نچلی سطح پر جاکر بات کرنے کی توقع نہیں رکھتا تھا —فوٹو: ڈان نیوز

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انہیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اتنی گری ہوئی بات کی توقع نہیں تھی جبکہ اس طرح کی بات سے ملک کا امیج خراب ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی کی سینیٹ اجلاس میں کی گئی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے ایوان بالا میں میرے خلاف اس طرح بات کرکے سینیٹ کا تقدس پامال کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کسی پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، تاہم صرف اتنا کہوں گا میں ملک کے وزیر خارجہ سے اس نچلی سطح پر جاکر بات کرنے کی توقع نہیں رکھتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: یوسف رضا گیلانی بکے ہوئے ہیں،اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے چپکے رہیں گے، شاہ محمود قریشی

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو نہ جانے مجھ پر کس بات کا غصہ ہے، کیا ان کو میرے لیڈر آف دی اپوزیشن بننے کا آج خیال آیا ہے، یا شاید وہ یہ سمجھتے تھے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت میرا استعفیٰ منظور کرلے گی اور استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر ان کو مجھ پر غصہ ہے۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کمپرومائزڈ اور بکے ہوئے ہیں اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے چپکے رہیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے اپنی غیر حاضری کی وضاحتیں کیں، بہت سے حلقے ان وضاحتوں سے مطمئن نہیں ہیں، کہا جارہا ہے کہ انہیں ایوان کی کارروائی سے متعلق ایجنڈے کا تاخیر سے علم ہوا، کیا اپوزیشن رہنما کو علم نہیں تھا کہ یہ بل قومی اسمبلی سے منظور ہوا ہے، انہیں علم نہیں تھا کہ جب بل قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے تو سینیٹ میں بل آنا ہے، اپوزیشن لیڈر اتنے بے خبر اور معصوم کیوں تھے؟

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا، پارٹی قیادت کو استعفیٰ بھیج دیا، یوسف رضا گیلانی

وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ آپ نے اور آپ کے دفتر نے سینیٹر دلاور خان سے رابطہ کیا، رابطے کے دوران آپ سینیٹر دلاور خان کو حاضری یقینی بنانے کا کہتے ہیں اور خود غائب ہو جاتے ہیں، سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ میں اپوزیشن لیڈر کے آفس گیا تو وہاں اندھیرا چھایا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ یوسف رضا گیلانی کس طرح سینیٹر بنے، ہمیں معلوم ہے کہ اس سلسلے میں ان کی اور ان کے صاحبزادے کی وڈیوز میڈیا پر چلتی رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتے اور انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کی قیادت کو بھجوا دیا ہے۔

تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ منظور نہیں کیا تھا اور ان کو بطور اپوزیشن لیڈر ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024