• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
Tom Jenkins/The Guardian

شین وارن کا ’اسپن جادوگر‘ سے ’پلے بوائے‘ تک کا سفر

آسٹریلوی کرکٹر شین وارن 4 مارچ کو 52 سال کی عمر میں بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے فانی دنیا سے کوچ کر گئے تھے۔
شائع March 5, 2022 اپ ڈیٹ March 6, 2022

ہر دور کے بہترین کرکٹر میں شمار ہونے والے آسٹریلوی کرکٹر شین وارن 4 مارچ کو 52 سال کی عمر میں بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے فانی دنیا سے کوچ کر گئے تھے۔

شین وارن کی اچانک موت پر آسٹریلیا سے لے کر پاکستان اور بھارت سے لے کر برطانیہ تک ان کے مداح تاحال افسردہ ہیں اور لوگوں کو یقین ہی نہیں آ رہا کہ وہ عظیم کرکٹر سے محروم ہوگئے۔

شین وارن پہلے فٹ بالر بننا چاہتے تھے لیکن قسمت نے انہیں کرکٹر بنا دیا مگر وہ دنیا بھر میں اپنی عیاشیوں اور رنگین مزاج زندگی کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ لیجنڈ، عظیم لیگ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے

شین وارن کا شمار ہر وقت عالمی میڈیا کی خبروں اور اسکینڈلز کی زینت رہنے والی چند معروف شخصیات میں ہوتا ہے اور ایک طرح سے انہیں اپنے معاشقوں کے اسکینڈل خود ہی سامنے لانے والا بھی کہا جاتا تھا۔

شین وارن نے دنیائے کرکٹ میں اپنا نام بنانے سے قبل ہی معاشقے کرنا شروع کیے تھے اور زندگی کے آخری سالوں تک وہ ڈیٹنگ ایپلی کیشنز سے لے کر سوشل میڈیا پر اپنی من پسند خواتین کے ساتھ تعلقات بناتے دکھائی دیے۔

شین وارن نے 1995 میں شادی کی جو 10 سال تک چلی—فائل فوٹو: Gregory Darryl
شین وارن نے 1995 میں شادی کی جو 10 سال تک چلی—فائل فوٹو: Gregory Darryl

کرکٹ میں جہاں انہیں ’اسپن کا جادوگر‘ کہا جاتا تھا، وہیں شوبز اور اسکینڈلز کی دنیا میں انہیں ’پلے بوائے‘ کی اہمیت حاصل تھی اور ان کے معاشقے عالمی میڈیا کی زینت بنتے رہتے تھے۔

آسٹریلوی ویب سائٹ ’نیوز ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو‘ کے مطابق شین وارن نے تین سال تک تعلقات میں گزارنے کے بعد سائمن کلاہمن سے 1995 میں شادی کی، جن سے انہیں تین بچے بھی ہوئے۔

دونوں کی شادی 10 سال تک چلی اور ان کے درمیان 2005 میں طلاق ہوگئی مگر شین وارن کے معاشقے شادی کے فوری بعد ہی شروع ہوگئے تھے۔

کرکٹر کے تین بچے ہیں—فوٹو: سپلائڈ
کرکٹر کے تین بچے ہیں—فوٹو: سپلائڈ

طلاق ہونے کے بعد دوبارہ بھی دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہوئے اور خیال کیا جانے لگا کہ اب وہ دوبارہ شادی کریں گے مگر 2007 میں شین وارن کی جانب سے غلطی سے گرل فرینڈ کا میسیج بیوی کو بھیجنے پر دوبارہ ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

شین وارن کا معروف برطانوی اداکارہ ایلزبتھ ہرلے المعروف لز ہرلے کے ساتھ بھی معاشقہ رہا اور دونوں کے درمیان 2010 سے 2013 تک شناسائی رہی۔

اس سے قبل شین وارن کی جانب سے 2000 میں برطانوی نرس کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور انہیں نازیبا پیغامات بھجوانے کا اسکیندل سامنے آیا تھا۔

شین وارن کے لز ہرلے کے ساتھ بھی تعلقات رہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
شین وارن کے لز ہرلے کے ساتھ بھی تعلقات رہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد 2006 میں انہوں نے معروف برطانوی جریدے ’نیوز آف دی ورلڈ‘ کے لیے ’پلے بوائے‘ انداز میں دو خوبرو ماڈلز کے ساتھ فوٹوشوٹ کروایا، جس کے بعد انہوں نے دونوں ساتھی ماڈلز کے ساتھ متعدد ڈانس پارٹیاں بھی منعقد کیں اور ان کے ساتھ جسمانی تعلقات استوار کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

شین وارن نے اپنی کتاب ’نو اسپن‘ میں تقریبا تمام اسکینڈلز، معاشقوں اور اپنی رنگین مزاجیوں کا کھل کر اعتراف بھی کیا ہے اور انہوں نے کئی واقعات پر تفصیلی گفتگو بھی کی ہے۔

لز ہرلے کے ساتھ بھی شین وارن کا معاشقہ رہا—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
لز ہرلے کے ساتھ بھی شین وارن کا معاشقہ رہا—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

شین وارن نے برطانوی اداکارہ لز ہرلے سے تعلقات ختم ہونے کے ایک سال بعد 2014 میں خود سے کم عمر آسٹریلوی ماڈل ایملی اسکاٹ کے ساتھ معاشقے کا آغاز کیا، جن سے انہوں نے کچھ عرصے تک تعلقات چلائے۔

حیران کن طور پر تین سال قبل 2019 میں 49 برس کی عمر میں لندن میں ’فحش پارٹی‘ کا انعقاد کیا گیا تھا اور وہ اپنی محبوبہ سمیت دیگر دو خواتین کے ہمراہ ایک اپارٹمنٹ میں پائے گئے۔

شین وارن کے آسٹریلوی ماڈل ایملی اسکاٹ کے ساتھ بھی تعلقات رہے—فائل فوٹو: اسپلاش نیوز
شین وارن کے آسٹریلوی ماڈل ایملی اسکاٹ کے ساتھ بھی تعلقات رہے—فائل فوٹو: اسپلاش نیوز

علاوہ ازیں شین وارن کی دیگر معروف خواتین کے ہمراہ بھی تعلقات کی خبریں عالمی میڈیا کی زینت بنتی رہیں اور یہ بھی رپورٹ ہوتا رہا کہ آسٹریلوی کرکٹر بھارت میں بھی متعدد خواتین کے ساتھ معاشقے لڑاتے رہے ہیں۔

شین وارن کے پاس اگرچہ شہرت، دولت اور معاشقوں کی کمی نہ تھی لیکن اس کے باوجود وہ ڈیٹنگ ایپ ’ٹنڈر‘ بھی استعمال کرتے تھے اور وہ مذکورہ ایپ کو نئی خواتین دوست بنانے کے لیے تسلسل کے ساتھ استعمال کرتے تھے۔

شین وارن کے ساتھ ’ٹنڈر‘ پر ملنے والی متعدد خواتین نے بھی میڈیا کو آسٹریلوی کرکٹر کی رنگین مزاجیوں سے متعلق بتایا تھا۔

شین وارن جہاں کرکٹ کی دنیا میں جادوگر اسپنر کے طور پر مشہور رہے، وہیں وہ میڈیا اور گلیمر کی دنیا میں بھی چھائے رہے۔

شین وارن کو رنگین مزاج شخص سمجھا جاتا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شین وارن کو رنگین مزاج شخص سمجھا جاتا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام