شعیب ملک کا ثانیہ مرزا سے طلاق یا علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرنے سے گریز

شائع December 10, 2022
کرکٹر نے واضح طور پر افواہوں کو مسترد نہیں کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
کرکٹر نے واضح طور پر افواہوں کو مسترد نہیں کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے طلاق یا علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرنے یا ان کی تصدیق کرنے سے معذرت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اور ثانیہ مرزا اس معاملے پر کوئی بات نہیں کریں گے۔

دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی یا طلاق کی خبریں گزشتہ ماہ شروع ہوئی تھیں۔

علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔

بعد ازاں نومبر میں ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر شعیب ملک نے ان کے ہمراہ اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی تھی۔

اس کے علاوہ دونوں کے جلد ہی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اردو فلکس‘ پر شروع ہونے والے سلیبرٹی شو ’دی مرزا ملک شو‘ کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

شعیب ملک کی جانب سے ثانیہ مرزا کو سالگرہ کی مبارک باد دیے جانے اور دونوں کے شو کے اعلان کے بعد اگرچہ مداحوں نے سمجھ لیا تھا کہ ان کی طلاق اور علیحدگی کی خبریں سلیبرٹی شو کی تشہیر کا حصہ تھیں، تاہم اس حوالے سے دونوں شخصیات نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

اور حال ہی میں ایک انٹرویو میں بھی شعیب ملک نے واضح طور پر اہلیہ سے اختلافات، علیحدگی اور طلاق کی خبروں کو مسترد یا انہیں تسلیم کرنے سے گریز کیا۔

شعیب ملک نے ’ایکسپریس ٹربیون‘ کو بتایا کہ وہ اور ثانیہ مرزا میڈیا کے دباؤ میں آکر اپنی ذاتی زندگی اور فیصلوں سے متعلق کوئی بات نہیں کریں گے۔

انہوں نے واضح طور پر علیحدگی کا طلاق کی خبروں کو مسترد کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے، لوگ انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیں اور ان کی نجی زندگی سے متعلق سوالات اٹھانا بند کریں۔

انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ علیحدگی اور طلاق کی خبروں پر وہ اور ثانیہ مرزا کوئی بات نہیں کریں گے، وہ میڈیا اور لوگوں کے دباؤ میں آکر اپنی ذاتی زندگی پر بات نہیں کریں گے، اس لیے لوگ ان کی نجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں کرنا بند کردیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے نے ابھی اسکول جانا شروع کردیا ہے اور مصروفیات کی وجہ سے وہ اپنے خاندان کو زیادہ وقت نہیں دے پاتے۔

شعیب ملک نے کہا کہ وہ شوبز سمیت کسی طرح کے موقع کے لیے خود کو محدود نہیں کریں گے۔ انہیں جتنے مواقع ملیں گے، وہ ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے اور ان کے پاکستان اور بھارت میں بہت سارے اداکار دوست ہیں جو ان کی زندگی کا حقیقی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ان کا اپنی زندگی پر فلم بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، جب ان کا ارادہ ہوجائے گا تو وہ اپنے کردار کے لیے اپنے پسندیدہ اداکار کا نام بھی بتائیں گے۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔

شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025