• KHI: Maghrib 6:20pm Isha 7:35pm
  • LHR: Maghrib 5:49pm Isha 7:09pm
  • ISB: Maghrib 5:53pm Isha 7:16pm
  • KHI: Maghrib 6:20pm Isha 7:35pm
  • LHR: Maghrib 5:49pm Isha 7:09pm
  • ISB: Maghrib 5:53pm Isha 7:16pm

کسٹم حکام کے خلاف اسمگلنگ کی تحقیقات کے دوران سونے کے تاجروں سے پوچھ گچھ

شائع July 22, 2023
رواں ماہ کے شروع میں ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ سے طارق محمود اور یاور عباس کو گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو: ایف آئی اے/ ویب سائٹ
رواں ماہ کے شروع میں ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ سے طارق محمود اور یاور عباس کو گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو: ایف آئی اے/ ویب سائٹ

جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسمگلنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تحویل میں موجود 2 کسٹمز اہلکاروں کے جسمانی ریمانڈ میں ایک بار پھر توسیع کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے مجسٹریٹ کو بتایا کہ سونے کے کچھ تاجر بھی اسمگلنگ کے حوالے سے جاری تحقیقات سے جڑے ہیں اور ان سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

رواں ماہ کے شروع میں ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ سے طارق محمود اور یاور عباس کو گرفتار کیا تھا، جو دونوں کسٹمز اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) میں سپرنٹنڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، ایف آئی اے نے الزام عائد کیا کہ دونوں اہلکاروں نے اسمگلروں کو بلوچستان اور کراچی کے زمینی راستوں سے اسمگل شدہ سامان پہنچانے میں مدد کی۔

گزشتہ روز تفتیشی افسر (آئی او) نے دونوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) کے سامنے پیش کیا اور ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست کی۔

تفتیشی افسر نے ایک پیش رفت رپورٹ بھی جمع کروائی، جس میں کہا گیا کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کچھ سونے کے تاجروں کو بھی شامل کیا گیا اور ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ پکڑے گئے ملزمان اور دیگر کسٹمز افسران (جو مبینہ طور پر رشوت لینے میں ملوث تھے) نے کرپشن کی رقم سے بھاری مقدار میں سونا خریدا اور بعد ازاں وہ سونا آپس میں تقسیم کر لیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی، دوسری جانب وکیل دفاع شوکت حیات نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی مخالفت کی۔

تاہم مجسٹریٹ نے ایف آئی اے کی تحویل میں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ انہیں اگلی تاریخ پر پیش کیا جائے اور پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی جائے۔

ریمانڈ پیپرز کے مطابق گھاس بندر میں اے ایس او طارق محمود کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے ’اسپیڈ منی‘ نامی رشوت سے متعلق ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ریکارڈ مشتبہ افراد کی جانب سے رشوت وصول کرنے اور دیگر معمول کے سرکاری امور انجام دینے کے طریقہ کار سے متعلق ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 ستمبر 2024
کارٹون : 28 ستمبر 2024