• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm

مایہ ناز انگلش فاسٹ باؤلر اسٹورٹ براڈ کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع July 30, 2023
اسٹورٹ براڈ 600 سے زائد وکٹوں کے ساتھ دنیا کے پانچویں کامیاب ترین باؤلر ہیں— فوٹو: اے ایف پی
اسٹورٹ براڈ 600 سے زائد وکٹوں کے ساتھ دنیا کے پانچویں کامیاب ترین باؤلر ہیں— فوٹو: اے ایف پی

انگینڈ کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر اسٹورٹ براڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے اور آسٹریلیا کے خلاف جاری ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میچ کے بعد وہ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

اولڈ ٹریفرڈ میں جاری ایشز سیریز کے پانچویں میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹورٹ براڈ نے کہا کہ اتوار یا پیر کرکٹ میں میرا آخری میچ ہو گا۔

ٹیسٹ میں 602 وکٹوں کے ساتھ پانچویں کامیاب ترین باؤلر نے کہا کہ یہ سفر بہت شاندار رہا اور میرے لیے انگلینڈ اور ناٹنگھم شائر کا بیج لگانا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی کرکٹ سے بہت محبت کرتا ہوں، میں ہمیشہ اپنے کیریئر کا بلندی پر اختتام کرنا چاہتا تھا اور یہ ان چند سیریز میں سے ایک ہے جس میں اپنے کھیل سے بہت لطف اندوز ہوا۔

اسٹورٹ براڈ کے کیریئر کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 2007 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے یوراج سنگھ نے انہیں اوور میں 6 چھکے مار کر ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ کیریئر پر بھی کاری ضرب لگائی لیکن اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہ ہاری اور بھرپور فارم کے ساتھ واپسی کرتے ہوئے اپنی مستقل مزاجی سے ٹیسٹ پانچواں کامیاب ترین باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

167 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اسٹورٹ براڈ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2007 میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کیا تھا اور ان کا کیریئر 16سال پر محیط رہا اور اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے انگلینڈ کو متعدد فتوحات سے ہمکنار کرایا۔

سابق کرکٹر اور میچ ریفری کرس براڈ کے بیٹے اسٹورٹ براڈ نے کہا کہ میں گزشتہ چند ہفتوں سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہا تھا اور انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچز میرے لیے ہمیشہ سب سے بہترین مقابلے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشز سیریز سے میرا ہمیشہ ایک محبت کا تعلق رہا ہے اور میں ہمیشہ چاہتا تھا کہ میں آخری مرتبہ ایشز سیریز میں بیٹنگ اور باؤلنگ کروں۔

براڈ اور اینڈرسن کو یہ خاص اعزاز حاصل ہے کہ ان کے پورے کیریئر کے دوران اب تک آسٹریلین ٹیم انگلش سرزمین پر ایشز سیریز جیتنے میں ناکام رہی ہے۔

چار مرتبہ ایشز سیریز جیتنے کا اعزاز رکھنے اسٹورٹ براڈ نے کہا کہ میں نے ریٹائرمنٹ کے بارے میں کپتان بین اسٹوکس سے گزشتہ جمعے کی رات بات کی تھی اور بقیہ ٹیم کو آج صبح اس فیصلے سے آگاہ کیا اور میں محسوس کرتا ہوں کہ یہ کھیل سے کنارہ کشی کا سب سے بہترین وقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا پورا کیریئر بہترین رہا اور کھیل سے ریٹائرمنٹ لیتے ہوئے مجھے کوئی پچھتاوا نہیں اور مجھے امید ہے کہ آئندہ دو دن ٹیسٹ کرکٹ میں بہت دلچسپ رہیں گے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں 150 وکٹیں لینے والے پہلے انگلش فاسٹ باؤلر نے ایشز میں اپنا پہلا میچ 2009 کی سیریز میں کھیلا تھا اور اوول میں 37 رنز کے عوض پانچ وکٹوں کی کارکردگی سے اس میچ کو یادگار بنایا تھا۔

ان کے کیریئر کی سب سے بہترین کارکردگی 2015 کی ایشز سیریز میں دیکھنے کو ملی تھی جب جیمز اینڈرسن کی غیرموجودگی میں انہوں نے انگلش بیٹنگ لائن کا بوجھ اٹھاتے ہوئے اپنے ہوم گراؤنڈ ٹرینٹ برج پر 15 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کے سبب پوری آسٹریلین ٹیم صرف 60 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

جہاں ایک طرف 37سالہ براڈ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے وہیں ان کے 41سالہ ساتھی فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ان کا ابھی ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024