• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ

شائع September 5, 2023
دونوں ٹیمیں اب 8، 11 اور 14 ستمبر کو کراچی ہی میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلیں گی— فوٹو: پی سی بی / ٹوئٹر
دونوں ٹیمیں اب 8، 11 اور 14 ستمبر کو کراچی ہی میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلیں گی— فوٹو: پی سی بی / ٹوئٹر

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے جیت لیا، اور تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم نے پہلا میچ پانچ وکٹوں سے اور دوسرا میچ سات وکٹوں سے جیتا تھا، پاکستان ویمنز کی یہ شاندار کارکردگی اس اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے کہ اس نے اسی سال ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی عالمی نمبر پانچ ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔

پیر کے روز نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، جواب میں جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 144 رنز بناسکی۔

پاکستانی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتری، فاطمہ ثنا کی جگہ سیدہ عروب شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا، پاکستان ویمنز کی پہلی وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری، جب شوال ذوالفقار 18 رنز بناکر ملابا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔

اس کے بعد بسمہ معروف اور سدرہ امین نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کا اضافہ کیا، سدرہ امین چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔

بسمہ معروف نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے شامل تھے، انہوں نے کپتان ندا ڈار کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کا اضافہ کیا، ندا ڈار 20 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کی کپتان لورا ووفارٹ اور ٹیزمین برٹس نے اپنی ٹیم کو 31 رنز کا آغاز فراہم کیا، اس موقع پر نشرہ سندھو نے ٹیزمین برٹس کو 18 رنز پر بولڈ کردیا، نشرہ سندھو نے دوسری کامیابی انیکے باش کو 10 رنز پر آئوٹ کرکے حاصل کی، اس وقت جنوبی افریقہ ویمنز کا اسکور 61 رنز تھا۔

تاہم اس کے بعد ووفارٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا لیکن سعدیہ اقبال نے 2 اہم وکٹیں حاصل کرکے بازی پلٹ دی۔

پہلے انہوں نے سنی لیزے کو آؤٹ کیا اور پھر ووفارٹ کو متبادل کھلاڑی فاطمہ ثنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا، ووفارٹ نے 54 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کیے جو ان کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔

دونوں لیفٹ آرم اسپنرز نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیمیں اب 8، 11 اور 14 ستمبر کو کراچی ہی میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلیں گی جو آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024