جے شاہ کا پاکستان کے سیکیورٹی مسائل پر تبصرہ، شاہد آفریدی کا کرارا جواب

شائع September 7, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کے پاکستان کے سیکیورٹی مسائل اور ایشیا کپ کے شیڈول سے متعلق بیان پر کرارا جواب دے دیا۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جے شاہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مختلف بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں اور ایونٹس کی فہرست بھی شیئر کی جن کی پاکستان نے حالیہ برسوں میں کامیاب میزبانی کی ہے۔

شاہد آفریدی نے جے شاہ کے پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’جے شاہ کا پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بیان دیکھا تو ان کی یادداشت تازہ کرنے کے لیے بتا دوں کہ پاکستان نے گزشتہ 6 سال میں کئی غیر ملکی ٹیموں اور کھلاڑیوں کی میزبانی کی ہے‘، سابق کپتان نے طویل فہرست بھی شئیر کی کہ ان برسوں میں کون کون سی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آچکی ہیں۔

شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ ’مسٹر شاہ، اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ پاکستان 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے‘۔

قبل ازیں جے شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’پاکستان، کرکٹ ایونٹس کے لیے محفوظ مقام نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ ’تمام ممبران، میڈیا رائٹس ہولڈرز اور اسپانسر اور ویڈیو کے حقوق رکھنے والے ہولڈرز ابتدائی طور پر پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں رکھنے کے حوالے سے ہچکچا رہے تھے، یہ ہچکچاہٹ ملک میں موجودہ سیکیورٹی اور اقتصادی صورتحال سے متعلق خدشات کی وجہ سے تھی‘۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں برسات کے موسم میں ایشیا کپ کو شیڈول کرنے کے فیصلے پر اے سی سی کے صدر جے شاہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سری لنکا میں اس وقت وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جس کے باعث ایشیا کپ کے آنے والے سپر فور مرحلے کے میچز میں خلل آسکتا ہے۔

اس کے علاوہ بھارت اور پاکستان کے درمیان 2 ستمبر کا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا اور بے نتیجہ ختم کردیا گیا تھا، یہی نہیں بلکہ بھارت کا نیپال کے خلاف میچ بھی بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تھا۔

قبل ازیں اے سی سی نے پی سی بی کو یقین دہانی کروائی تھی کہ کولمبو میں خراب موسم کی پیش گوئی کی وجہ سے سپر فور میچز ہمبنٹوٹا میں منتقل کردیے جائیں گے، تاہم جے شاہ اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے اور تمام میچز کولمبو میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024