• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm

ایشیا کپ میں پاک بھارت سپر فور راؤنڈ کا میچ بارش کے باعث کل تک ملتوی

شائع September 10, 2023
فخر زمان نے گراؤنڈ اسٹاف کی میدان کو کورز سے ڈھاپنے میں مدد کی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
فخر زمان نے گراؤنڈ اسٹاف کی میدان کو کورز سے ڈھاپنے میں مدد کی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
بارش کے باعث پورے میدان کو کور سے ڈھانپ دیا گیا ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی
بارش کے باعث پورے میدان کو کور سے ڈھانپ دیا گیا ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی
دونوں بھارتی اوپنر پر اعتماد انداز میں ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھا رہے ہیں—فوٹو:کرک انفو ٹوئٹر
دونوں بھارتی اوپنر پر اعتماد انداز میں ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھا رہے ہیں—فوٹو:کرک انفو ٹوئٹر

ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث آج کے لیے معطل کردیا گیا ہے اور بقیہ میچ کل کھیلا جائے گا۔

بارش کے باعث میچ روکے جانے سے قبل بھارت نے 24 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور کئی بار کوشش کے باوجود بار بار بارش کی مداخلت کی وجہ سے میچ کل دوبارہ شروع ہو گا۔

سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں جاری اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن یہ فیصلہ گزشتہ میچوں کے برعکس کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

دونوں بھارتی اوپنرز نے اعتماد اور جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 14 ویں میں دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی جبکہ اس دوران پاکستانی فاسٹ باؤلرز بالکل بے بس نظر آئے۔

دونوں بھارتی اوپنرز نے خصوصاً شاداب خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور اس دوران اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔

نوجوان اوپنر شبمن گل نے 52 گیندو ں کا سامنا کرتے ہوئے 58 رنز بنائے اور ایک روزہ میچوں میں آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، شاداب کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کپتان روہت شرما 56 رنز بنا کر فہیم اشرف کو وکٹ دے بیٹھے۔

ابھی بھارتی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ شاہین شاہ آفریدی نے اگلے اوور میں شبمن گل کی 58 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے لوکیش راہُل آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 147 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور کھلاڑیوں کو پویلین لوٹنا پڑا، کوہلی 8 اور راہُل 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

کولمبو میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور اس دوران گراؤنڈ میں موجود عملہ بھی تندہی سے میدان کو خشک اور کھیل کے قابل بنانے کی کوشش کرتا رہا۔

اس دوران امپائرز اور دونوں ٹیموں کے کوچ، کپتان اور کھلاڑیوں نے بھی صورتحال کا جائزہ لیا تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ میچ کب تک شروع ہونے کا امکان ہے۔

امپائرز کی جانب سے ساڑھے 8 بجے دوبارہ معائنہ کیا گیا لیکن اس سے قبل کہ وہ میچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرتے، ایک مرتبہ پھر بوندا باندی شروع ہو گئی جس سے میچ آج ہی دوبارہ شروع ہونے کے امکانات دم توڑ گئے۔

اس کے بعد امپائرز نے دونوں کپتانوں اور میچ ریفری کی مشاورت سے آج کے دن کا کھیل ختم کرتے ہوئے میچ کو کل تک ملتوی کردیا اور اب میچ کل یہیں سے دوبارہ شروع ہوگا۔

بھارت کی ٹیم کل 24.1 اوورز میں 147 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کرے گی۔

تاہم شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر یہ ہے کہ کل بھی آج کی طرح کولمبو میں مسلسل بارش کی پیش گوئی ہے جس سے میچ کے متاثر رہنے کا واضح اندیشہ ہے۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ پچ دیکھ کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچ پر کچھ نمی موجود ہے، ہم اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ ہی بہت اہم ہوتا ہے، ہم میچ ٹو میچ کھیلتے ہیں، اس میچ میں بھی ہم اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، بطور ٹیم ہم نے اچھا کھیلا، ہم اس میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور اچھا کھیلنے کے خواہاں ہیں۔

بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گزشتہ میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، شروع میں کچھ مشکلات ہو سکتی ہیں لیکن ہم اس کے لیے تیار ہیں، کوشش کریں گے بورڈ پر بڑا اسکور سیٹ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے میچ میں ہم نے جس طرح بیٹنگ کی، اس سے ہمیں بہت اعتماد ملا، ہمارے ہر میچ اہم ہے ، آج کے میچ کے لے مکمل تیار ہیں اور اچھی کارکردگی کے لیے پر امید ہیں۔

انہوں نے کہا بھارتی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد شامی کی جگہ جسپریت بھمبراہ اور شریاس آئیر کی جگہ کے ایل راہول کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔

اگرچہ بارش اس مرتبہ بھی رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے لیکن اطمینان کی بات یہ ہے کہ بارش ہوجانے کی صورت میں ریزرو ڈے رکھا گیا ہے اور میچ جہاں روکا جائے گا وہیں سے دوبارہ شروع ہوگا، یعنی اگر آج ایک اننگ مکمل ہونے کے بعد میچ روک دیا گیا تو پیر کے روز وہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

ایشیا کپ میں 2 ستمبر کو جب سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں بھارت اور پاکستان ایک دوسرے ٹکرائے تھے تو یہ اہم میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں میچ کو بے نتیجہ ختم کردیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

بعدازاں 4 ستمبر کو بھارت اور نیپال کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا، اس اہم میچ میں بارش کے باعث بھارت نے ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ (ڈی ایل ایس) کے تحت بغیر کسی نقصان کے 147 رنز بنا کر 10 وکٹوں سے جیت لیا تھا، جس کے بعد بھارت سُپر فور مرحلے میں داخل ہوگیا تھا۔

سری لنکا میں رواں ماہ شدید بارش کی پیشگوئی کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا اور ایشیا کپ سُپر فور مرحلے کے میچز کو دبئی یا سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم ایشین کرکٹ بورڈ کی جانب سے سپر فور مرحلے کے تمام میچز کولمبو میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا جہاں اس وقت شدید بارش کا امکان ہے۔

پاکستان نے بھارت کے خلاف آج ہونے والے اہم میچ کے لیے اپنی فائنل الیون کا اعلان کردیا ہے، پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف فتح حاصل کرنے والی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور فاتح الیون کو برقرار رکھا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ میچ کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے ابر آلود موسم میں نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی معاونت کے لیے فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر فہیم اشرف کا انتخاب کیا ہے۔

بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں پاکستان نے بھارت کی ابتدائی چار وکٹیں صرف 67 رنز پر حاصل کر لی تھیں لیکن اسپنرز کے آنے کے بعد پاکستانی باؤلنگ غیرمؤثر رہی تھی اور بھارتی ٹیم مزید 200 رنز جوڑنے میں کامیاب رہی تھی البتہ یہ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گزشتہ روز کولمبو میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں بھارت پر برتری حاصل ہے کیونکہ ہم سری لنکا میں اور پاکستان میں بیک ٹو بیک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ممالک کی ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، شاداب خان، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔

بھارت: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، کے ایل راہول، ہارڈک پانڈیا، رویندرا جدیجا، ایس این ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024