• KHI: Fajr 4:28am Sunrise 5:54am
  • LHR: Fajr 3:36am Sunrise 5:11am
  • ISB: Fajr 3:33am Sunrise 5:12am
  • KHI: Fajr 4:28am Sunrise 5:54am
  • LHR: Fajr 3:36am Sunrise 5:11am
  • ISB: Fajr 3:33am Sunrise 5:12am

شوہر’شیزوفرینیا’ کے مریض ہیں، پاگلوں کی طرح بالوں میں مٹی ڈالتے ہیں، جویریہ نئیر

شائع September 13, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حال ہی میں ریلیز ہونے والے مقبول ڈرامے ’بے بی باجی‘ میں معاون کردار ادا کرنے والی اداکارہ جویریہ نئیر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر 8 سال سے دماغی بیماری ’شیزوفرینیا‘ میں مبتلا ہیں اور وہ پاگلوں کی طرح گلیوں میں جاکر بالوں میں مٹی ڈالتے ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ وہ کس طرح مشکلات سے بھرپور زندگی گزار رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق نہیں تھا، کچھ سال قبل انہوں نے سوچا کہ انہوں نے کمرشل آرٹس میں ڈپلوما حاصل کر رکھا ہے، کیوں نہ اسی طرح کا کوئی کام کیا جائے۔

جویریہ نئیر کے مطابق بعد ازاں انہوں نے جس ایڈ ایجنسی میں انٹرنشپ کی تھی، ان سے رابطہ کرکے کچھ ہدایت کاروں کے نمبر حاصل کیے اور پھر انہوں نے ہدایت کاری سیکھنا شروع کی۔

انہوں نے بتایا اینجلین ملک کے ہمراہ بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کرنے کے دوران ہی انہوں نے انہیں اداکاری کی پیش کش کی اور پھر انہوں نے پہلی بار ’کتنی گرہنیں باقی‘ میں اداکاری کی۔

جویریہ نئیر کا کہنا تھا کہ مذکورہ ڈرامے میں معاون کردار ادا کرنے کے بعد انہیں ایک کے بعد ایک ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی اور یوں ہی ان کا اداکاری کا سلسلہ چل پڑا۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ اس وقت گھر کی واحد کفیل ہیں، وہ اداکاری کے ذریعے ہی گھر چلاتی ہیں، وہ نہ صرف اپنے بچوں بلکہ اپنے شوہر کو بھی سنبھالتی ہیں۔

جویریہ نئیر نے انکشاف کیا کہ ان کے ہاں جب 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی، اس کے کچھ ہی عرصے بعد ان کے شوہر میں دماغی بیماری کی تشخیص ہوئی اور انہیں معلوم ہوا کہ ان کے شوہر ’شیزوفرینیا‘ کے مریض ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایسے مریضوں کو عام طور پر لوگ جنات کے سائے یا اثر کا نتیجہ سمجھ کر بے یارو و مددگار چھوڑ دیتے ہیں لیکن حقیقت میں ان پر کسی چیز کا سایہ نہیں ہوتا بلکہ وہ بیمار ہوتے ہیں۔

جویریہ نئیر کا کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کو ایسے دورے پڑتے تھے کہ وہ گلی میں جاکر وہاں سے مٹی اٹھا کر اپنے بالوں میں ڈالتے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ شوہر کی دماغی بیماری کی وجہ سے لوگ ان سے کترانے لگے اور ان کے ساتھ سب کا رویہ بھی تبدیل ہوگیا۔

جویریہ نئیر کا کہنا تھا کہ ایسی خطرناک بیماری میں مبتلا شخص کے ساتھ زندگی گزارنا واقعی مشکل ہوجاتا ہے، ہر کسی کو ہر وقت یہ ڈر لگا رہتا ہے کہ مریض کب، کس وقت کچھ غلط نہ کردے۔

اداکارہ نے بتایا کہ تاہم ان کے شوہر خوش نصیب ہیں کہ انہیں کچھ اچھے دوست اور اچھے گھر والے ملے ہیں جو ان دیکھ بھال کرتے ہیں۔

جویریہ نئیر نے بتایا کہ 2015 سے ان کے شوہر مذکورہ بیماری میں مبتلا ہیں اور تب سے وہ گھر کی واحد کفیل ہیں، وہ بچوں سمیت شوہر کے علاج کے اخراجات بھی برداشت کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ ’شیزوفرینیا‘ نفسیاتی بیماری ہے، جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں۔

مذکورہ بیماری کی شرح عورتوں اور مردوں میں برابر ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ شہروں میں رہنے والے افراد اس بیماری سے گاؤں میں رہنے والوں کے مقابلے میں زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

اگرچہ یہ بیماری کسی بھی عمر میں ہوسکتی ہے لیکن عام تاثر یہی ہے کہ یہ سب سے زیادہ 15 سے 35 سال کی عمر کے درمیان انسان کو متاثر کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 جولائی 2024
کارٹون : 19 جولائی 2024