• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm

بُرے کے بجائے اچھے کولیسٹرول سے ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف

شائع October 6, 2023
—فوٹو: آئی اسٹاک
—فوٹو: آئی اسٹاک

ایک تازہ مگر طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بُرے کے بجائے اچھے سمجھے جانے والے کولیسٹرول سے ضعیف العمری میں ڈیمینشیا کے مرض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

کولیسٹرول ایک چربیلا، نرم اور ملائم مادہ ہے جو انسانی خون میں پایا جاتا ہے اور اس کی متعین مقدار انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے مگر اس میں اضافہ خون کی نالیوں یا شریانوں کی دیواروں کے جم کر انہیں تنگ اور سخت کردیتی ہے۔

کولیسٹرول کی شرح میں اضافے کا بڑا سبب فاسٹ فوڈ اور غیر صحت بخش غذاﺅں کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے جو دوران خون میں اس کی شرح بڑھا دیتی ہے جوکہ بلڈپریشر، امراض قلب اور دیگر بیماریوں کا باعث بن جاتی ہے۔

ہائی ڈینسٹی لیپو پروٹین یا ’ایچ ڈی ایل‘ کو اچھا کولیسٹرول جب کہ لو ڈینسٹی لیپوپروٹین ’ایل ڈی ایل‘ کو برا کولیسٹرول سمجھا جاتا ہے۔

عام طور پر برے یا ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو بیماریوں کا سبب قرار دیا جاتا ہے لیکن امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اچھے کولیسٹرول سے زائد العمری میں ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

طبی جریدے ’نیورولاجی‘ میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے ایک لاکھ 84 ہزار افراد کے کولیسٹرول پر تقریبا 22 سال تک تحقیق کی اور پھر نتائج نکالے، جس سے معلوم ہوا کہ زائد العمری میں اچھے کولیسٹرول کی کم یا زیادہ سطح ڈیمینشیا کا سبب بن سکتی ہے۔

ماہرین نے ابتدائی طور پر 2002 میں 55 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تحقیق کے لیے خدمات حاصل کیں اور بعد ازاں ان کے کولیسٹرول کے ٹیسٹ کیے گئے اور پھر 2020 میں دوبارہ ان کے کولیسٹرول کے ٹیسٹ کرکے ان میں ڈیمینشیا کے مرض کا جائزہ لیا۔

تحقیق کے وقت تمام افراد میں ڈیمینشیا کی علامات نہیں پائی گئی تھیں لیکن 22 سال بعد جب نتائج دوبارہ جانچے گئے تو ہزاروں افراد میں ڈیمینشیا کی تشخیص ہو چکی تھی۔

ماہرین کے مطابق جن زائد العمر افراد میں اچھے کولیسٹرول کی سطح بہت زیادہ تھی، ان کے ڈیمینشیا میں مبتلا ہونے کے امکانات 15 فیصد تک بڑھ گئے جب کہ جن میں مذکورہ کولیسٹرول کی سطح نارمل سے کم تھی، ان میں بھی 7 فیصد تک ڈیمینشیا کے امکانات بڑھ گئے۔

ماہرین نے بتایا کہ حیران کن طور پر تحقیق سے یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ برے کولیسٹرول سے ڈیمینشیا میں مبتلا ہونے کے خطرات پیدا ہوتے ہیں یا نہیں؟

ساتھ ہی ماہرین نے تجویز دی کہ مذکورہ معاملے پر مزید تحقیق کی جائے، تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ اچھے کولیسٹرول کی کم یا زیادہ مقدار کس طرح اور کیوں ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ کولیسٹرول کی سطح کو چیک کرنے کے لیے خون کا آسان ٹیسٹ ہوتا ہے، جسے لپڈ پروفائیل ٹیسٹ کہا جاتا ہے جو کہ 12 گھنٹے کی فاسٹنگ کے بعد ہوتا ہے۔

مذکورہ ٹیسٹ سے معلوم ہوجاتا ہے کہ کس شخص میں اچھے اور برے کولیسٹرول کی کیا مقدار ہے۔

ہائی کولیسٹرول ہائی بلڈ پریشر کا سبب بنتا ہے، جس سے امراض قلب اور فالج سمیت دیگر سنگین بیماریاں بھی ہوسکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024