• KHI: Maghrib 6:16pm Isha 7:31pm
  • LHR: Maghrib 5:44pm Isha 7:04pm
  • ISB: Maghrib 5:48pm Isha 7:11pm
  • KHI: Maghrib 6:16pm Isha 7:31pm
  • LHR: Maghrib 5:44pm Isha 7:04pm
  • ISB: Maghrib 5:48pm Isha 7:11pm

کیوی کپتان ولیمسن کے انگوٹھے میں فریکچر، ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں میں شرکت مشکوک

شائع October 14, 2023
فیلڈر کی گیند لگنے سے کین ولیمسن کے انگوٹھے میں فریکچر ہو گیا تھا— فوٹو: رائٹرز
فیلڈر کی گیند لگنے سے کین ولیمسن کے انگوٹھے میں فریکچر ہو گیا تھا— فوٹو: رائٹرز

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کے انگوٹھے کا بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران فریکچر ہو گیا جس کے باعث ان کی عالمی کپ کے بقیہ میچز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

کین ولیمسن رواں سال انڈین پریمیئر لیگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور 7 ماہ تک میدانوں سے دور رہنے کے بعد ان کی گزشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے ذریعے دوبارہ کرکٹ میں واپسی ہوئی تھی۔

ولیمسن نے کرکٹ میں واپسی کے ساتھ ہی ایک یادگار اننگز کھیلتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف 78 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔

تاہم ان کی یہ اننگز اس وقت اختتام کو پہنچی جب انہیں فیلڈر کی جانب سے پھینکی گئی تھرو انگوٹھے پر جا لگی اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹنا پڑا۔

انہیں معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کے انگوٹھے میں فریکچر کی تصدیق کی جس کے بعد ان کی ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں شرکت مشکل نظر آتی ہے۔

تاہم اس انجری کے باوجود نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ اپنے کپتان کی ورلڈ کپ کے آخری مرحلے کے میچوں میں شرکت کے لیے پرامید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ولیمسن کے لیے بہت دکھی ہیں جنہوں نے گھٹنے کی انجری کے بعد ٹیم میں واپسی کے لیے انتھک محنت کی، یہ یقیناً ہم سب کے لیے مایوس کن خبر ہے لیکن ابتدائی تشخیص کے بعد ہم کچھ پرامید ہیں کہ وہ کچھ وقت آرام اور بحالی کے عمل سے گزرنے کے بعد ایونٹ کے اختتامی میچوں میں شرکت کر سکیں گے۔

کوچ نے کہاکہ ولیمسن ہماری ٹیم کا اہم حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین کپتان اور ورلڈ کلاس بلے باز ہیں، ہم اس ٹورنامنٹ میں ان کی واپسی یقینی بنانے کے لیے ہر موقع فراہم کریں گے۔

نیوزی لینڈ نے ولیمسن کی انجری کے پیش نظر تام بلنڈل کو اسکواڈ میں طلب کر لیا ہے لیکن اس کے باوجود کیوی کپتان ٹیم کے ہمراہ ہی سفر کریں گے۔

کیویز نے ہنری نکولس پر بلنڈل کو ترجیح دی ہے کیونکہ نکولس پلنکٹ شیلڈ وارم اپ میچ میں سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے کوچ نے کہا کہ ٹام بلنڈل نے ون ڈے ٹیم کے ہمراہ پاکستان اور بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور وہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ بلنڈل بیٹنگ لائن میں مختلف نمبروں پر بیٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ وکت کیپنگ کی اضافی صلاحیت کے بھی مالک ہیں اور ہمیں اس شعبے میں بھی ایک بیک اپ فراہم کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2019 ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم نے ابتدائی تینوں میچوں میں فتح حاصل کی ہے اور وہ چنائی میں بدھ کو کھیلے جانے والے اپنے اگلے میچ میں افغانستان کا سامنا کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024