• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am

انتخابات 2024: نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور

شائع December 26, 2023
—فائل فوٹو:ڈان نیوز
—فائل فوٹو:ڈان نیوز

کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کے بعد ان کی جانچ پڑتال کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے جب کہ حکام نے مسلم لیگ (ن) کے قائد، سابق وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات منظور کرلیے ہیں۔

نواز شریف کے کاغذات نامزدگی لاہور کے حلقہ این اے 130 سے منظور کیے گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین نے دعویٰ کیا کہ این سے 130 لاہور سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کاغذات پر کسی نے کوئی اعتراض دائر نہیں کیا۔

بلال یاسین کا کہنا تھا کہ حکام نے میرے بھی کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔

نوازشریف نے لاہور کے حلقے این اے 130سے نامزدگی جمع کرائے جہاں ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد سے ہوگا۔

جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن 25 سے 30 دسمبر تک انتخابی کاغذات کی جانچ پڑتال کرے گا۔

کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کےخلاف اپیلوں کی سماعت کے لیے 24 ٹریبونلز تشکیل دے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ انتخابات 2024 کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی ایک ہزار 85 نشستوں پر کل 28 ہزار 626 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جس میں تین ہزار سے زائد خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستوں پر 7 ہزار 242 مرد اور 471 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں، اسی طرح چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 593 نشستوں پر 17 ہزار 744 مرد اور 802 خواتین میدان میں ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستوں پر 8 ہزار 592 مرد اور 437 خواتین نے کاغذات جمع کرائے جبکہ سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں پر 4 ہزار 60 مرد اور 205 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 جنرل نشستوں پر 3 ہزار 349 مرد اور 115 خواتین امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جبکہ بلوچستان اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 1ہزار 743 مرد اور 45 خواتین امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستوں پر 459 جبکہ 10 مخصوص نشستوں پر 150 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

پنجاب میں خواتین کے لیے مخصوص 66 نشستوں پر 601 اور اقلیتوں کی 8 نشستوں پر 127 امیدوار سامنے آئے ہیں، اسی طرح سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص 29 نشستوں پر 309 اور اقلیتوں کے لیے مختص 9 نشستوں پر 125 امیدوار سامنے آگئے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی خواتین کی 26 مخصوص نشستوں پر 321 جبکہ اقلتیوں کی مخصوص 4 نشستوں پر 74 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی 11 مختص نشستوں پر 134 جبکہ غیر مسلموں کی 3 مختص نشستوں پر 67 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

اس طرح ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 1085 نشستوں پر 28 ہزار 626 امیدوار میدان میں آگئے۔

امیدواروں کی طرف سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج سے شروع ہو گیا ہے جو 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024