• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

برطانیہ سے غائب ہونے والے فن پارے لاہور کے کباڑیے کی دکان سے کیسے ملے؟

شائع January 3, 2024
فائل فوٹو: انسٹاگرام/تاجور منیر
فائل فوٹو: انسٹاگرام/تاجور منیر

لاہور سے تعلق رکھنے والے فیشن فوٹو گرافر تاجور منیر کی ایک دلچسپ کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جہاں وہ بتاتے ہیں کہ انہوں نے کس طرح اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں برطانیہ کی ایک طالبہ کے کھو جانے والے فن پاروں کے ملنے اور پھر ان فن پاروں کو واپس برطانیہ بھیجا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مانچسٹر میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں فیشن کی طالبہ 20 سالہ گریس ہارٹ کا کہنا تھا کہ کچھ سال پہلے وہ بہت اداس تھیں جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کی والدہ نے غلطی سے ان کے فن پارے خیراتی دکان کو دے دیے ہیں۔

برطانوی طالبہ نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اُس وقت یونیورسٹی میں داخلے کے لیے اپلائی کررہی تھی لیکن میرا پورٹ فولیو کہیں غائب ہوگیا تھا، خیراتی دکان میں کال کرکے معلوم ہوا کہ میرے فن پارے ہزار میل دور لاہور کی ایک دکان میں فروخت ہوگیا ہے، یہ سن کر ہم پریشان ہوگئے تھے۔‘

ان فن پاروں کو ڈھونڈنے کے لیے دونوں ماں بیٹی نے کئی ماہ تک تلاش جاری رکھی لیکن آخر کار انہوں نے ہار مان لی تھی۔

بعدازاں وہ اس وقت حیران ہوگئیں جب 2022 میں نئے سال کے موقع پر ایک نامعلوم شخص نے انسٹاگرام پر انہیں میسج بھیجا جس میں کہا گیا کہ انہیں لاہور کی ایک دکان سے ان کے فن پارے ملے ہیں۔

گریس ہارٹ کے فن پارے لاہور کے علاقے صدر بازار کے ایک کباڑے کی دکان میں رکھے تھے، جہاں لاہور ہی سے تعلق رکھنے والے فیشن فوٹوگرافر تاجور منیر کی ان کی فن پاروں پر نظر پڑی۔

فوٹو: گریس ہارٹ
فوٹو: گریس ہارٹ

“فن پارے دیکھ کر حیران تھا کہ کوئی اپنی محنت کیوں پھینک دے گا’

تاجور منیر نے کہا کہ وہ ان فن پاروں کو دیکھ کر حیران تھے کہ کون اتنے حسین فن پارے پھینک سکتا ہے، یہ فن پارے کباڑے کی دکان میں تقریباً 200 روپے میں فروخت ہورہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ان جگہوں پر اکثر نہیں جاتے لیکن ان کی والدہ باقاعدہ یہاں کا وزٹ کرتی ہیں، کیونکہ ایسی جگہوں پر فن پارے، مجسمے اور دیگر چیزیں بہت خوبصورت ہوتی ہیں۔

تاجور منیر نے کہا کہ وہ اپنے کمرے کی دیوار میں فن پارے لگانے کے لیے کچھ خوبصورت آرٹ کی تلاش میں تھے اس دوران ان کی نظر گریس ہارٹ کے فن پاروں پر پڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس کباڑے کی دکان سے تین اسکیچ بکس ملیں جن میں ذہن کو جھنجھوڑ دینے والے فن پارے تھے، میں نے انہیں صرف 200 روپے میں خرید لیا، جب میں گھر جا رہا تھا تو میں سوچنے لگا کہ کوئی اپنی اتنی محنت کیوں پھینک دے گا، ان تینوں کتابوں کے سرورق پر ایک ہی نام لکھا ہوا تھا اور وہ تھا گریس ہارٹ۔’

تاجور منیر نے مزید کہا کہ ’میں نے انسٹاگرام پر ان کا نام سرچ کیا اور انہیں ڈھونڈ لیا، میں نے انہیں میسج بھیجا کہ مجھے ان کا کام ملا ہے اور یہ حیرت انگیز ہے، میں یہ جاننے کے لیے متجسّس ہوں کہ انہوں نے اسے پھینک کیوں دیا۔‘

تاجور منیر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’پھر گریس نے انسٹاگرام پر رپلائی کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ان کا پورٹ فولیو ہے اور انہیں اندازہ نہیں یہ ان سے برطانیہ میں کیسے کھو گئے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دونوں کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ لاہور میں کیسے پہنچے، بعد میں گریس نے اپنا ایڈریس شیئر کیا اور میں نے انہیں فن پارے واپس بھیج دیے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بہت عجیب بات ہے کہ ہم کس طرح کسی کی کہانی کا حصہ بن سکتے ہیں اور آرٹ ہمیں مختلف طریقوں سے جوڑتا ہے۔‘

فوٹو: گریس ہارٹ
فوٹو: گریس ہارٹ

گریس ہارٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ جب انہیں تاجور منیر کا میسج موصول ہوا تو پہلے انہیں لگا ان کے ساتھ کوئی مزاق کررہا ہے، لیکن جب دونوں نے میسج کا تبادلہ کیا تو وہ بہت خوش تھیں۔

گریس کا کہنا تھا کہ ’فن پارے کھونے کے ایک سال بعد تاجور منیر نے مجھ سے رابطہ کیا تھا، وہ میسج دیکھ کر میں بالکل حیران تھی۔‘

تاجور منیر نے یہ فن پارے برطانیہ واپس بھیجے جو گریس ہارٹ کو جولائی 2022 میں موصول ہوئے۔

گریس ہارٹ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو کئی میسجز کیے، ان کے بغیر مجھے اپنی آرٹ کی کتابیں کبھی واپس نہ مل پاتی۔‘

فوٹو: گریس ہارٹ اور ان کی والدہ
فوٹو: گریس ہارٹ اور ان کی والدہ

برطانیہ کی پرانی چیزیں پاکستان کیسے پہنچتی ہیں؟

لاہور کی کباڑیہ دکان کے مالک محمد انیس نے کہا کہ ان کی دکان میں وہ اشیاء فروخت کی جاتی ہیں جو برطانیہ کے خیراتی دکانوں سے خریدی گئی ہیں، ان کی دکان (جس کا نام بی۔یوکے کلیکشن ہے) لاہور کینٹ میں دہلی روڈ کے قریب واقع ہے۔

محمد انیس نے فن پارے اور دیگر اشیا دکھاتے ہوئے ڈان کو بتایا کہ ’یہ تمام اسٹاک برطانیہ میں لوگوں نے پھینک دیے تھے جسے ہم کباڑیہ کہتے ہیں، بیرون ملک میں مقیم ہمارے وینڈرز ایسے خیراتی دکانوں سے یہ چیزیں خریدتے ہیں پھر یہ برطانیہ کے گوداموں میں جاتا ہے اور وہاں سے ہمارے پاس آتا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان میں سے زیادہ تر الیکٹرونک اشیا اور کھلونے ہوتے ہیں۔

انہوں نے ایک ویڈیو کلپ بھی شئیر کی جہاں محمد انیس نے اپنی دکان میں سجاوٹ کی پلیٹیں، دیوار میں لگانے والے فن پارے موجود تھے، انہوں نے بتایا کہ یہ اشیا 500 سے ایک ہزار روپے میں خریدتے ہیں اور پھر انہیں یہاں لوگوں کو فروخت کرتے ہیں۔

محمد انیس نے بتایا کہ وہ تقریباً 15 سال سے یہ کاروبار کررہے ہیں، ’ہم ایسی چیزوں کی تلاش میں ہوتے ہیں جو خوبصورت دکھے، کبھی کبھار ہمیں ویج ووڈ اور رائل البرٹ کے کراکری سیٹ سے سنگل پیس ملتے ہیں، جن خواتین کے گھر میں یہ سیٹ ہیں اور جن کے پاس کچھ ٹوٹی ہوئی پلیٹیں ہیں وہ ہمارے پاس ان کے دیگر پیس ڈھونڈنے آتی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے میں 2015 میں ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی جس کا عنوان ’آپ کے پرانے کپڑے کہاں جاتے ہیں؟‘ تھا، اس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح برطانیہ میں خیراتی اداروں کو عطیہ کیے گئے استعمال شدہ کپڑے پاکستان سمیت بیرون ملک بھیجے جاتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024