• KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am
  • KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am

ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے پالیسی سازی کی منظوری

شائع January 3, 2024
کمیٹی نے اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں  کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا — فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی
کمیٹی نے اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا — فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی نے ڈومیسٹک ڈسپیوٹ ریزولیوشن کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے سمیت سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف پالیسی سازی کی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، عبوری وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق مختلف وفاقی وزارتوں نے کلیدی شعبوں میں منصوبوں پر پیش رفت اور متوقع سرمایہ کاری کی بروقت تکمیل کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

کمیٹی نے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ڈومیسٹک ڈسپیوٹ ریزولیوشن کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے سمیت سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف پالیسی سازی کی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات اور کویت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں اور فریم ورک معاہدوں پر دستخط سمیت دوست ممالک کے ساتھ معاشی روابط میں اضافے کو سراہا۔

فورم نے ان مفاہمتی یادداشتوں کو تیز رفتاری سے معاشی حقیقت میں تبدیل کرنے کی ہدایات دیں۔

کمیٹی نے نجکاری پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور مختلف اہم اہداف کی بروقت تکمیل میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو سراہا اور رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے ہدایات دیں۔

کمیٹی نے سرمایہ کاروں کو خاص طور پر ملک کے دور دراز علاقوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے انفرااسٹرکچر کی ترقی کو تیز کرنے پر بھی اتفاق رائے کیا۔

کمیٹی نے معیشت کے اہم شعبوں میں ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انسانی وسائل کی ترقی کے لیے جاری شمولیتی نقطہ نظر کو سراہا۔

کمیٹی نے اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس کے آخر میں وزیر اعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ایس آئی ایف سی کے مختلف اقدامات کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024