• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

تیسرے ٹی20 میں آئرلینڈ کو شکست، میچ اور سیریز پاکستان کے نام

شائع May 14, 2024
شاہین شاہ آفریدی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے 3 وکٹیں لیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
شاہین شاہ آفریدی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے 3 وکٹیں لیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان نے محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ کو تیسرے ٹی20 میچ میں شکست دے کر سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔

ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

آئرلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں شاہین نے 7 رنز بنانے والے روس آڈائیر کو چلتا کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

اس کے بعد اینڈی بلبرنی کا ساتھ دینے لورکان آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

100 کے مجموعے پر بلبرنی کی 3 چھکوں اور دو چھکوں سے سجی 35 رنز کی اننگز عباس آفریدی کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

دوسرے اینڈ سے لورکان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور محج 41 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی وکٹ بن گئے۔

لورکان آؤٹ ہوئے تو آئرلینڈ نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میزبان ٹیم 200 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہے گی لیکن یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کی وجہ سے آئرش ٹیم اختتامی اوورز میں زیادہ رنز نہ بنا سکی۔

ہیری ٹیکٹر نے 20 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے بقیہ کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے اور آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 178 رنز ہی بنا سکی۔

آئرلینڈ کی ٹیم آخری 38 گیندوں پر 4 وکٹیں گنوا کر 56 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ عباس آفریدی نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو نوجوان صائم ایوب ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے کپتان بابر آئے اور دونوں نے شاندار شراکت قائم کر کے پاکستان کو فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔

تجربہ کار جوڑی نے دوسری وکٹ کے لیے 139 رنز کی ساجھے داری بنائی اور ساتھ ساتھ اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

رضوان 155 کے مجموعی اسکور پر 38 گیندوں پر 4 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوئے۔

بابر نے قدرے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک اوور میں چار چھکوں سمیت 25 رنز بھی بٹورے اور پاکستان کی ہدف تک رسائی مزید آسان بنا دی۔

بابر 42 گیندوں پر 5 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی باری کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار بھی صرف پانچ رنز بنا سکے۔

پاکستان نے 3 اوورز قبل ہی ہدف تک رسائی کر کے میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

آئرلینڈ کی جانب سے مارک ایڈیئر نے 28 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، عباس آفریدی اور محمد عامر۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024