• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am

ہتک عزت کیس: مراد سعید نے گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کردی

شائع May 23, 2024
فائل فوٹو:
فائل فوٹو:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں ہتک عزت کیس کی گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق وزیر مراد سعید نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 15 مئی کو معلوم ہوا کہ میرے خلاف یکطرفہ عدالتی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے حالانکہ 23 اپریل کو معاون وکیل کو عدالتی عملے نے بتایا تھا کہ آئندہ سماعت 6 جون کو ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم سمجھے سماعت 6 جون کو ہے جس کے باعث ہم سے 6 مئی اور 14 مئی کی عدالتی کارروائی چھوٹ گئی، جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا سماعت کی تاریخ اوور رائٹ ہوگئی تھی، احسن اقبال نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 4 سال میں پہلی بار گواہ کا بیان ریکارڈ کروایا۔

اس کے مطابق غیر حاضری کے باعث احسن اقبال کی درخواست دو بار خارج ہوچکی ہے، مراد سعید کے خلاف سازش ہوئی لہذا 6 اور 14 مئی کی سماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے اور احسن اقبال کو سابق وزیر کے وکیل کی موجودگی میں دوبارہ شواہد پیش کرنے کی ہدایت دی جائے۔

اس میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کی جانب سے ریکارڈ کی ٹیمپرنگ پر انکوائری بھی کروائی جائے۔

واضح رہے کہ آج اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنل عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج حسینہ ثقلین کی رخصت کے باعث سماعت نا ہوسکی، سماعت اب 4 جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 14 مئی کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حسینہ ثقلین نے مراد سعید کی مسلسل غیر حاضری اور عدالت میں پیش نہ ہونے کے باعث ان کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے کی کارروائی یکطرفہ طور پر چلانے کا فیصلہ سنایا تھا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال اپنے وکیل قیصر امام کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

بعد ازاں عدالت نے سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی تھی۔

یاد رہے کہ احسن اقبال نے مراد سعید کے خلاف ملتان تا سکھر موٹروے منصوبے میں رشوت ستانی کا الزام لگانے پر ہتک عزت کی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

سابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملتان-سکھر موٹر وے کی تعمیر کے لیے 2 سو 59 ارب روپے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھےم بعدازاں مالیاتی بدانتظامی کے باعث اس کی لاگت 2 سو 92 ارب روپے تک جاپہنچی جس کی وجہ سے منصوبے کو شدید نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے منصوبے کے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دیے تھے جس کی وجہ سے قوم کو اربوں روپے کے خسارے کا سامنا ہوا۔

مراد سعید نے الزام عائد کیا تھا کہ احسن اقبال، جاوید صادق اور شریف برادران اس منصوبے میں ملوث ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024