• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am

فردوس جمال کینسر سے صحت یاب ہوگئے

شائع May 30, 2024

سینیئر اداکار فردوس جمال نے تصدیق کی ہے کہ وہ کینسر جیسے موذی مرض سے صحت یاب ہوگئے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے ہمیشہ صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کردی۔

فردوس جمال میں دسمبر 2022 میں کینسر کی تشخیص کی تصدیق ان کے بیٹے حمزہ فردوس نے کی تھی اور بتایا تھا کہ ان کے والد کا علاج شروع کردیا گیا۔

بعد ازاں اس وقت کی وفاقی حکومت نے فردوس جمال کے علاج کے لیے ایک کروڑ روپے کے فنڈز بھی فراہم کیے تھے۔

فردوس جمال کا علاج شوکت خانم میموریل ہسپتال میں کیا گیا اور جولائی 2023 میں اداکار کی 12 گھنٹے طویل سرجری کی گئی تھی۔

طویل سرجری کے دوران فردوس جمال کا کینسر کا غدود نکالا گیا تھا اور اس کے بعد ان کی کیمو اور ریڈیو تھراپی شروع کی گئی تھی اور اب اداکار نے اپنے صحت مند ہونے کی تصدیق کردی۔

فردوس جمال حال ہی میں مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جوانی میں اداکاری کے جنون میں انہوں نے سخت بخار کے ساتھ بھی شوٹنگ کروائی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ 102 اور 103 بخار کے ساتھ بھی شوٹنگ کروا چکے ہیں لیکن انہوں نے اپنی بیماری اور بخار کا کسی کو پتا ہی نہیں چلنے دیا۔

اسی دوران میزبان عمران اشرف نے بتایا کہ فردوس جمال حال ہی میں کینسر سے مکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں۔

میزبان کی بات پر فردوس جمال نے اپنی بیماری سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں بڑی آنت کا کینسر (کولون کینسر) ہوگیا تھا۔

ان کے مطابق ان کی سرجری کے بعد ان کی کیمو اور ریڈیو تھراپی ہوئی اور اب وہ بلکل ٹھیک ہیں۔

ساتھ ہی فردوس جمال نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے لیے دعا کریں کہ وہ مستقبل میں بھی صحت مند رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024