• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ابتدائی کنفیوژن کے بعد پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان

شائع June 1, 2024
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

ابتدائی طور پر قیمتوں کے حوالے سے کنفیوژن کے بعد وزارت خزانہ نے رات گئے پیٹرول کے نرخوں میں 4 روپے 74 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 86 پیسے کمی کا اعلان کیا۔

کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 268 روپے 36 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 270 روپے 22 پیسے ہو گئی ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی نے رپورٹ کیا تھا کہ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو پیٹرول کی قیمت میں نمایاں 15روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 90 پیسے کمی کی ہدایت کی تھی، پی ٹی وی کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ ابتدائی رپورٹ کے بعد اسے فوری طور پر ہٹادیا گیا۔

اس کے فوری بعد وزیراعظم ہاؤس نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جاری اعداد و شمار پرانے اور پچھلے مہینے کی ایڈجسمنٹس سے متعلق تھے، بعد ازاں وزارت خزانہ نے نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کیا، جس میں تصدیق ہوئی کہ قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے۔

ہٹائی گئی ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے اور معاشی استحکام آیا ہے۔

29 مئی کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں مندی کے رجحان کے سبب ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 31 مئی کو تقریباً 6 روپے 50 پیسے سے 7 روپے 50 پیسے تک کمی کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ گزشتہ 15 دنوں کے دوران عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب 3.25 ڈالر اور 2.10 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہے، جبکہ اس سے پچھلے 15 دنوں میں 8.7 ڈالر اور 4.3 ڈالر فی بیرل کی تنزلی ہوئی تھی۔

اندرون ملک فریٹ ایکویلائزیشن مارجن (آئی ایف ای ایم) کے حتمی حساب کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 25 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 25 پیسے کی کمی کا تخمینہ لگایا گیا تھا، پیٹرول پر امپورٹ پریمیم بھی گزشتہ 15 دنوں کے دوران 10.30 ڈالر فی بیرل سے تقریباً 7 فیصد تنزلی کے بعد 9.70 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

تاہم امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں گزشتہ 15 دنوں کے دوران 10 پیسے کی کمی آئی ہے، اس طرح پیٹرول کی موجودہ قیمت 273 روپے 10 پیسے میں میں 7 روپے فی لیٹر کی کمی کا تخمینہ ہے۔

عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت بھی 2.10 ڈالر فی بیرل گھٹ گئی تھی، جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے ادا کردہ بینچ مارک امپورٹ پریمیم 6.50 ڈالر فی بیرل پر برقرار ہے، لہٰذا ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 6 روپے 25 پیسے کی کمی ہوسکتی ہے، تاہم اس کا انحصار آئی ایف ای ایم کے حتمی حساب و کتاب پر ہے، اس وقت ڈیزل کی قیمت 274 روپے 8 پیسے ہے۔

حکام نے بتایا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 95 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر تقریباً 98.27 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 99.12 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 97 ڈالر پر آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں 16 مئی سے ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی بالترتیب 15.93 روپے اور 7.88 روپے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024