• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am

پولیو ٹیم، لیویز اہلکاروں پر حملوں کا مقدمہ چمن دھرنا کمیٹی کے 10 ارکان کیخلاف درج

شائع June 5, 2024
—فائل فوٹو: اے پی
—فائل فوٹو: اے پی

پولیو ٹیم اور لیویز اہلکاروں پر حملوں کا مقدمہ چمن دھرنا کمیٹی کے 10 ارکان کےخلاف درج کرلیا گیا۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ چمن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج ہوا، ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز ڈی سی آفس چمن پر حملے کے الزام میں دھرنا کمیٹی کے 7 افراد کی گرفتاری آج ظاہر کردی گئی۔

گرفتار ملزمان میں دھرنےکے سربراہ سمیت دیگر افراد شامل ہیں، گرفتار تمام افراد کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

وزیرداخلہ بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر آفس چمن پر حملہ اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کی مذمت کی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں دھرنا کمیٹی کے ڈنڈا بردار افراد نے پولیو ٹیم پرحملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا تھا کہ لیویز اہلکاروں سے اسلحہ اور انسداد پولیو مہم کی ٹیم سے ویکسین چھیننے کی کوشش کی گئی، ڈپٹی کمشنر چمن راجا اطہر عباس نے بتایا تھاکہ دھرنا کمیٹی کے ڈنڈا بردار افراد نے پولیو کی ٹیم پر حملہ کیا، اور کلی محمد حسن ٹھیکیدار، کلی میرالزئی اور کلی حاجی باقی جان میں زبردستی مہم کو بند کرنے کی کوشش کی گئی، ملزمان نے پولیس، لیویز سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، علاقے میں مزید نفری روانہ کردی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ، پولیو مہم جاری رکھی جائے گی، پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پولیو سے بچاؤ کی 5 روزہ مہم کل سے ملک بھر میں شروع ہو گئی تھی، جس میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 65 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

صوبائی ہیلتھ سیکریٹری نے بتایا تھا کہ بلوچستان میں پولیو مہم 20 میں سے 14 اضلاع میں 3 جون کو شروع ہو رہی ہے جبکہ ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے سبب دیگر 6 اضلاع میں 8 جون سے آغاز ہوگا، جس میں 18 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024