• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm

پنجاب میں طوفان کی تباہ کاریاں: 6 افراد جاں بحق، 40 زخمی

شائع June 6, 2024
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

گوجرانوالہ، نارووال اور خوشاب سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو گوجرانوالہ میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے تھے، شدید طوفان اور بارش کے باعث کئی سائن بورڈز، دیواریں اور چھتیں گر گئیں، جس کے نتیجے میں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔

نارووال میں تیز آندھی اور طوفان کے باعث دیواریں، درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے خواتین سمیت 30 افراد زخمی ہوئے، طوفان کے باعث بجلی کا نظام معطل ہو گیا اور درجنوں درخت اور بل بورڈز گر گئے، احمد آباد کے ایک سرکاری اسکول کی دیوار گر گئی۔

اس کے علاوہ سیالکوٹ میں تیز آندھی اور طوفان سے 13 افراد زخمی ہوگئے۔

ضلع خوشاب میں بھی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی جہاں آسمانی بجلی گرنے سے دو بھائی 15 سالہ امیر خان اور 18 سالہ زاہد خان جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے والد مبارک خان کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

لاہور اور دیگر شہروں میں گرد و غبار کے طوفان کے ساتھ بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی ہوگئی اور اسے شہریوں کو ہیٹ ویو سے عارضی ریلیف ملا، لاہور میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 41 اور کم سے کم 28 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرنے والی مغربی لہر کے اثرات کے تحت آئندہ 3 روز کے دوران پنجاب کے کئی شہروں میں ہلکی بارش کے بعد گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

بالائی/وسطی پنجاب، پوٹھوہار ریجن، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے۔

جمعرات کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024