• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بھارت اور جنوبی افریقہ میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے؟ ٹی20 ورلڈکپ فائنل سے متعلق چند حقائق

شائع June 29, 2024
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے والی بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے کس طرح یہاں تک رسائی حاصل کی، آخری بار ان ٹیموں نے کون سا ایونٹ جیتا اور بارباڈوس میں ہونے والے فائنل میں بارش کے کتنے امکانات ہیں، اس خبر میں چند دیگر دلچسپ حقائق سے بھی آپ کو آگاہ کریں گے۔

ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کا فائنل آج پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹاؤن، بارباڈوس کے کنسنگٹن اوول اسٹیڈیم میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

بھارت اور جنوبی افریقہ کتنی بار بڑے ایونٹ میں مدمقابل ہوئے؟

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق دونوں ٹیمیں پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) فائنل میں مدمقابل ہوں گی، اس سے پہلے 2014 کے ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھارت اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہوا تھا جس میں بھارت کو کامیابی ملی تھی۔

کیا یہ ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیمیں تھیں؟

اس حوالے سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی سب سے ان فارم ٹیمیوں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے کیوں کہ دونوں ٹیمیں اب تک ناقابل شکست رہی ہیں۔

نہ صرف گروپ اسٹیج بلکہ سپر ایٹ مرحلے میں بھی بھارت اور جنوبی افریقہ نے اپنے اپنے گروپس میں پہلی پوزیشن پر رہیں، تاہم اس معاملے میں جنوبی افریقہ کو برتری حاصل ہے کیوں کہ بھارت اور کینیڈا کا میچ بھارت کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی بھی ٹیم ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجائے گی، کیوں کہ دونوں ہی ٹیمیں اب تک ناقابل شکست رہی ہیں۔

کس ٹیم نے مشکل راستہ اختیار کیا؟

جنوبی افریقہ نے گروپ مرحلے میں بنگلہ دیش، سری لنکا، نیدرلینڈز اور نیپال کے خلاف فتوحات حاصل کیں اور سپر ایٹ مرحلے میں امریکا کے علاوہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دی، جب کہ سیمی فائنل میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر پہلی بار فائنل میں رسائی حاصل کی۔

دوسری جانب، بھارت نے اپنی مہم کا آغاز آئرلینڈ، پاکستان، امریکا کے خلاف جیت سے کیا، کینیڈا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا، سپر ایٹ مرحلے میں بھارت نے افغانستان، بنگلہ دیش کے علاوہ آسٹریلیا کو شکست دی، جب کہ سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

جنوبی افریقہ کیلئے یہ فائنل اہم کیوں ہے؟

جنوبی افریقہ کے لیے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کیوں کہ وہ پہلی بار کسی بھی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ان کے پاس ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے کا یہ نادر موقع ہے۔

جنوبی افریقہ نے 1998 میں افتتاحی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے علاوہ اب تک آئی سی سی کے کسی بھی ایونٹ کا فائنل نہیں کھیلا۔

جنوبی افریقہ 5 ون ڈے ورلڈ کپ (1992، 1999، 2007، 2015، 2023) اور 2 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ (2009 اور 2014) میں سیمی فائنل تک پہنچ کر کئی مواقع پر جیت کے قریب آکر ہارچکے ہیں۔

بڑے ایونٹس میں ’چوکرز‘کے نام سے مشہور جنوبی افریقہ کو 2009 کے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، جب کہ 2014 کے ٹی20 ورلڈکپ سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

ون ڈے ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کو 1992 میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی، آسٹریلیا سے ہونے والا 1999 ورلڈکپ کا سیمی فائنل برابری پر ختم ہوا، 2007 کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں ایک بار پھر آسٹریلیا سے شکست ہوئی، 2015 کے ون ڈے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے پروٹیز کو شکست دی اور 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پروٹیز کو کینگروز کے ہاتھوں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت کیلئے فائنل جیتنے کی کیا اہمیت ہے؟

بھارت نے 2007 کا افتتاحی ٹی20 ورلڈکپ جیتا تھا لیکن اس کے بعد سے اب تک وہ دوسرا ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی ہے، حالانکہ وہ 2014 کا ٹی20 فائنل اور 2016،2022 کے سیمی فائنل کھیل چکا ہے، جس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت نے آخری بار ایم ایس دھونی کی قیادت میں 2011 کا ون ڈے ورلڈکپ جیتا تھا، اور دھونی کی ہی قیادت میں 2012 کی چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی تھی لیکن اس کے بعد سے بھارت کوئی بڑا ایونٹ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔

بھارت 2015 اور 2019 کے ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد باہر ہوگیا تھا، جب کہ 2023 کے ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہنے کے باوجود بھارت کو فائنل میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب ان کے پاس اپنے زخموں پر مرہم رکھنے کا سنہرا موقع ہے۔

ویسٹ انڈیز میں آخری بار ورلڈکپ کب ہوا؟

ویسٹ انڈیز نے 2010 میں ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی کی تھی، اس سال کا فائنل انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان برج ٹاؤن کے کینسنگٹن اوول میں کھیلا گیا تھا، جس میں انگلینڈ پہلی بار ورلڈ چیمپئن بنا تھا۔

فائنل کی پچ کیسے ہوگی؟

ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹاؤن، بارباڈوس کے کنسنگٹن اوول اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر یہ 9واں میچ ہوگا، جہاں صرف ایک مقابلہ سپر اوور تک گیا لیکن باقی میچز میں کوئی قریبی مقابلہ دیکھنے کو نہیں ملا۔

پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے یہاں 3 میچز جیتے، اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 90 رنز بنائے لیکن پھر بارش کے باعث میچ منسوخ ہوگیا،

برج ٹاؤن میں کھیلے گئے آخری دو میچوں میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ نے امریکا کو کم ٹوٹل پر آؤٹ کرکے آسانی سے ہدف کا تعاقب کیا۔

اس پچ پر جنوبی افریقہ اپنا پہلا میچ کھیلے گی، بھارت نے یہاں ایک میچ کھیلا، جس میں افغانستان کو 47 رنز سے شکست دی تھی۔

فائنل میں بارش کے کتنے امکانات ہیں؟

برج ٹاؤن میں آج بارش متوقع ہے جس کی وجہ سے میچ کو متعدد بار روکا بھی جاسکتا ہے، مقامی وقت کے مطابق صبح 4 سے 9 بجے تک بارش کا امکان 50 فیصد ہے، جب کہ ٹاس کے وقت یعنی صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک بارش کے امکانات 30 فیصد ہوں گے۔

ٹی20 ورلڈکپ کا فائنل مکمل کرنے کے لیے 190 منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے، اور کسی بھی ٹیم کو فاتح قرار دینے کے لیے لازمی ہے کہ دونوں ٹیموں نے کم سے کم 10 اوورز بیٹنگ کی ہو۔

ٹی20 ورلڈکپ فائنل کیلئے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے؟

فائنل کے لیے ایک ریزرو ڈے رکھا گیا ہے، اگر بارش کی وجہ سے ہفتہ کو میچ اضافی وقت میں بھی مکمل نہیں ہوسکا تو یہ میچ اتوار کو مکمل کیا جائے گا، اور اگلے دن یہ میچ نئے سرے سے نہیں ہوگا بلکہ وہیں سے شروع ہوگا۔

اگر ریزرو ڈے کے بعد بھی نتیجہ نہ نکل سکے تو کیا ہوگا؟

اگر ریزرو ڈے یعنی اتوار کو بھی مسلسل بارش ہوتی رہی اور میچ مکمل نہ ہوسکا تو پھر دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024