چیئرمین پی سی بی کی ہدایات پر گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام شروع
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی ہدایات پر گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے پاکستان میں انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے قبل، فٹنس ٹرائلز کروانے کا اعلان کیا گیا ہے، ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کیلئے 4 ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر علاقائی سطح پر اضافی ٹیسٹ متعارف کرائے جائیں گے، فٹنس ٹرائلز پاس کرنے والے کھلاڑی ہی کیمپ میں شرکت کرسکیں گے۔
انٹرا ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کی بنیاد پر 22 کھلاڑیوں کا انتخاب لاک پرفارمنس کی بنیاد پر کیا گیا ہے، ٹرائلز پاس کرنے والے کھلاڑیوں کی کیمپ میں فیلڈنگ، فٹنس اور تکنیک پر توجہ دی جائے گی۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار ضلعی سطح پر فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے، 45 دنوں کے دوران ملک بھر میں 101 تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے، محسن نقوی کی ہدایت پر کرکٹ کی بہتری کے لیے گراس روٹ لیول پر کام کیا جارہا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز لاہورمیں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا تھا کہ ورلڈکپ میں ٹیم کی خراب پرفارمنس کا جائزہ لینے کے لیے دونوں ہیڈ کوچز گیری کرسٹن،جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو پاکستان بلالیا، ان سے کپتان کی تبدیلی سمیت دیگر امور پر مشاورت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا ٹارکٹ یہ ہے کہ قومی ٹیم کی منفی کارکردگی کیسے بہتر کی جائے گی، جب کہ بابراعظم کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ ہیڈ کوچز اور سابق کرکٹرز سے مشاورت کے بعد کیا جائےگا۔