• KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am
  • KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am

راہول ڈراوڈ کا عہد ختم، گوتم گمبھیر بھارتی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

شائع July 9, 2024
2003 میں ڈیبیو کرنے والے گوتم گمبھیر نے 13سالہ طویل کیریئر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے— فوٹو: اے ایف پی
2003 میں ڈیبیو کرنے والے گوتم گمبھیر نے 13سالہ طویل کیریئر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے— فوٹو: اے ایف پی

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے سابق اوپننگ بلے باز گوتم گمبھیر کو راہول ڈراوڈ کی جگہ بھارتی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر گوتم گمبھیر کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی تصدیق کی۔

جے شاہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں انتہائی خوشی کے ساتھ گوتم گمبھیر کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے طور پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید دور کی کرکٹ تیزی سے تیار ہوئی ہے اور گمبھیر نے اس بدلتے ہوئے منظرنامے کو بہت قریب سے دیکھا ہے، اپنے پورے کیرئیر میں مختلف کرداروں کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ گوتم گمبھیر بھارتی کرکٹ کے فروغ کے لیے بہترین شخص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے لیے ان کا وژن اور وسیع تجربہ انہیں اس کوچنگ کے عہدے کو نبھانے کے لیے بہترین امیدوار بناتے ہیں اور اس سفر کے آغاز پر بی سی سی آئی ان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

گوتم گمبھیر نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی کوچنگ کا عہدہ ملنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، بھارت کے لیے کھیلتے ہوئے ٹیم کی جرسی پہننا میرے لیے ہمیشہ قابل فخر لمحہ رہا ہے اور اب جب میں بھارتی ٹیم کی کوچنگ کا عہدہ سنبھالوں گا تو تب بھی یہ معاملہ مختلف نہیں ہو گا۔

2003 میں ڈیبیو کرنے والے گوتم گمبھیر نے 13سالہ طویل کیریئر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے اور وہ لگاتار پانچ ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنانے والے دنیا کے چار کھلاڑیوں سمیت واحد بھارتی کھلاڑی ہیں۔

وہ 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے اہم رکن تھے اور فائنل میں 97 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو چیمپیئن بنوانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

اس کے بعد کمنٹری اور سیاست کے ساتھ ساتھ انہوں نے کوچنگ کی ذمے داریاں سنبھالیں جہاں بطور کپتان انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 2012 اور 2014 کا ٹائٹل جتوانے کے بعد حال ہی میں بطور کوچ بھی فرنچائز کو ٹائٹل جتوایا۔

اس سے قبل جے شاہ نے سابق کوچ راہول ڈراوڈ کو ٹیم کے لیے بطور ہیڈ کوچ شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ راہول ڈراوڈ کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل اور ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد بالآخر اس سال ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024