• KHI: Fajr 5:02am Sunrise 6:18am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:47am
  • ISB: Fajr 4:27am Sunrise 5:51am
  • KHI: Fajr 5:02am Sunrise 6:18am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:47am
  • ISB: Fajr 4:27am Sunrise 5:51am

متنازع ٹوئٹ کیس: صنم جاوید کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کیخلاف اپیل پر سماعت ملتوی

شائع July 18, 2024
صنم جاوید— فوٹو: ایکس
صنم جاوید— فوٹو: ایکس

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے صنم جاوید کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مقدمے سے خارج کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

ڈسٹرکٹ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے اپیل پر سماعت کی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر شیخ عامر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ریمانڈ کی استدعا کی تھی اور جج ملک محمد عمران نے مقدمے سے ڈسچارج کردیا ، سائبر کرائم کی کوئی حدود نہیں ہے، جہاں پر پہلے رپورٹ ہوجائے وہاں کیس چل سکتا۔

اس پر جج افضل مجوکا نے استفسار کیا کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے صنم جاوید کے حوالے سے کیا کہا ہے؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ مزید کسی کیس میں انہیں گرفتار نہیں کرسکتے۔

اس پر جج نے ہدایت دی کہ اٹارنی جنرل سے رہنمائی لیں کہ اس کیس میں کیا کرنا ہے؟

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ آپ نوٹس کردیں، آئندہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا آرڈر بھی ساتھ لے آئیں گے، جج نے ریمارکس دیے کہ آپ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس کیس کا ذکر کیا تھا؟ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اس کیس میں ہم میں سے کوئی بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش نہیں ہوا۔

اس پر جج افضل مجوکا نے کہا کہ آپ کے اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بیان دیا ہے کہ صنم جاوید کو کسی مقدمے میں گرفتار نہیں کریں گے، آپ چیک کریں کہ اس کیس کا ریکارڈ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں طلب تھا یا نہیں؟

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس ایک کیس کے علاوہ پاکستان میں کہیں بھی سائبر کرائم کا کوئی کیس درج نہیں ہے ، جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں آپ نے کیابیان دیا ہے؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں یہ بیان دیا ہے کہ کوئی اور ایف آئی آر درج نہیں ہے اور نا گرفتاری کریں گے۔

اس پر جج افضل مجوکا نے مزید استفسار کیا کہ اگر میں یہ اپیل منظور کرلیتا ہوں تو آگے آپ کیا کریں گے؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اپیل منظور ہونے کے بعد ہم صنم جاوید کو گرفتار کریں گے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ جب تک کچھ واضح نہیں ہوتا میں اس کیس کو آگے نہیں بڑھا سکتا ، اسلام آباد ہائیکورٹ میں آپ نے بتایا کہ ادھر اپیل دائر کی ہوئی ہے ؟ میں ہائی کورٹ کا پابند ہوں اس کے آرڈر کے خلاف نہیں جاسکتا ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ آجائے پھر اس کو آگے بڑھائیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 14 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو ڈسچارج کر دیا تھا۔

اپنے تحریری فیصلے میں عدالت نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو ایف آئی اے کیس سے ڈسچارج کیا جاتا ہے، مقدمے میں الزام ہے کہ صنم جاوید نے ٹوئٹ کے ذریعے ریاستی اداروں بشمول فوج کے خلاف جھوٹی معلومات پھیلائیں، الزام ہے کہ صنم جاوید نے ٹوئٹ کے ذریعے ریاست مخالف بیانیے کو فروغ دیا، یہ الزام ہے کہ صنم جاوید نے ٹوئٹ کے ذریعے عام عوام کو تشدد اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے اکسایا۔

فیصلے کے مطابق ایف آئی آر میں صنم جاوید کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹس کے اوقات اور تاریخ درج نہیں، صنم جاوید کے ٹوئٹ نے کتنے افراد کو ریاست مخالف سرگرمیوں پر اکسایا؟ ریکارڈ میں کچھ موجود نہیں، یہ کہا ہی نہیں جا سکتا کہ صنم جاوید نے 10 مئی 2023 کے بعد اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ استعمال کیا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق صنم جاوید کا موبائل فون تو پولیس کے قبضے میں تھا، صنم جاوید 10 مئی 2023 سے قبل ہی ٹوئٹ کر سکتی تھیں کیونکہ اس کے بعد وہ پولیس حراست میں تھیں۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ ایف آئی اے سائبر کرائم کے سب انسپکٹر شیہروز ریاض ہیں، ریکارڈ میں شہروز ریاض کو شکایت درج کرانے کے لتے ریاستی اداروں یا پاک فوج سے اجازت ملنے کا ذکر نہیں، شکایت کنندہ کا تعلق پاک فوج سے نہیں تھا، لہذا ان کو مقدمہ درج کرانے کا اختیار نہیں تھا، ایف آئی اے کی جانب سے صنم جاوید کے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جاتی ہے، صنم جاوید کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 ستمبر 2024
کارٹون : 13 ستمبر 2024