• KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • ISB: Maghrib 6:14pm Isha 7:38pm
  • KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • ISB: Maghrib 6:14pm Isha 7:38pm

جسٹس (ر) مشیر عالم، مقبول باقر کے بعد جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل کی بھی ایڈہاک جج بننے سے معذرت

شائع July 19, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مشیر عالم اور جسٹس (ر) مقبول باقر کے بعد جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل نے بھی ایڈہاک جج کی ذمہ داری لینے سے معذرت کر لی۔

ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے طلب کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جسٹس (ر) مقبول باقر نے بھی ایڈہاک جج بننے سے معذرت کی تھی۔

سابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے ایڈہاک جج کا عہدہ قبول نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایڈہاک جج بننا قانونی عمل ہے اس میں کوئی عیب نہیں۔

واضح رہے کہ 16 جولائی کو سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مشیر عالم نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرتے ہوئے اپنے فیصلے سے جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ کر آگاہ کردیا تھا۔

سابق جسٹس مشیر عالم نے جوڈیشل کمیشن کے نام خط میں لکھا تھا کہ اللہ نے انہیں ان کی حیثیت سے زیادہ عزت دی ہے، ایڈہاک جج کی نامزدگی کے بعد سوشل میڈیا پر جو مہم شروع کی گئی، اس سے شدید مایوسی ہوئی ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں مزید کہا تھا کہ وہ موجودہ حالات میں بطور ایڈہاک جج کام کرنے سے معذرت چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ایڈہاک ججز کی تقرری کے لیے 4 ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کیے تھے، ان ججز میں جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر ، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود کے نام شامل ہیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 19 جولائی کو طلب کر رکھا ہے۔

ادھر، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ایڈہاک ججز تعینات ہونے چاہئیں، ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی آئین اجازت دیتا ہے اور ان کی تقرری چیف جسٹس نے نہیں بلکہ جوڈیشل کمیشن نے کرنی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایڈہاک ججز کی تقررری چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نہیں کریں گے بلکہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے یہ فیصلہ کرنا ہے۔

دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ساتھ تعطیلات کے دوران 4 ایڈہاک ججز کو 3 سال کے لیے سپریم کورٹ لانا بدنیتی پر مبنی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 ستمبر 2024
کارٹون : 13 ستمبر 2024