• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am

9 مئی کیس: فواد چوہدری سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 7 اگست تک توسیع

شائع July 20, 2024
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی کو صوبائی دارالحکومت میں موجود راحت بیکری کے باہرجلاؤ گھیراؤ کرنے کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 7 اگست تک توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقعہ دے دیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج خالد ارشد نے 9 مئی کو راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، رہنما پی ٹی آئی حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت تمام ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، تفتیشی افسر نے عدالت سے کہا کہ محرم کی ڈیوٹی کے باعث مقدمے کی تفتیش نہیں کر سکا، عدالت تفتیش مکمل کرنے کی مہلت فراہم کرے۔

جج خالد ارشد نے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل نا ہوئی تو قانون کے مطابق فیصلہ کر دیں گے۔

عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر 7 اگست تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کو کور کمانڈر ہاؤس پر مبینہ حملے کے الزام میں دہشت گردی اور دیگر الزامات کے تحت سرور روڈ پولیس میں درج ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 ستمبر 2024
کارٹون : 20 ستمبر 2024