صدر آصف زرداری کی کراچی میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے جامع منصوبے کی ہدایت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے جامع منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر تیار کیا جائے اور حکومت سندھ پائیدار اور طویل مدتی حکمت عملی اپنائے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کو سیلاب سے بچانے سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ شہر میں زیرِ زمین سرنگوں کے ذریعے سیلاب پر قابو پانے کے منصوبے قابل عمل بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ حکومت سندھ بین الاقوامی ڈونرز سے سرنگوں کے منصوبے کے لیے ماحولیاتی فنانسنگ حاصل کرنے کے حوالے سے کوششیں کرے، کراچی اور اس کے ساحلی علاقوں کو صاف ستھرا بنانے اور دنیا کے دیگر میٹروپولیٹن شہروں کے برابر لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدر آباد شہر کو بھی شہری سیلاب اور سیوریج کے مسائل کا سامنا ہے جنہیں ترجیحاً حل کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں صدر مملکت کو عالمی آبی اور سیوریج مینجمنٹ ماہرین نے کراچی میں سیلاب اور سیوریج کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز دیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی کے ہائی فلڈ زونز میں موجودہ سڑکوں کے نیچے چھوٹی اور بڑی سیوریج سرنگوں کا جال بچھایا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔