• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm

شمالی وزیرستان: تحصیل میرعلی میں لڑکیوں کا اسکول دھماکے سے تباہ

شائع July 23, 2024
— فائل فوٹو: ایکس
— فائل فوٹو: ایکس

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے گاؤں زرکی میں لڑکیوں کے ایک سرکاری مڈل اسکول کو دھماکا کر کے تباہ کر دیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مقامی رہائشی گل عالم نے بتایا کہ نامعلوم افراد گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول زرکی میں داخل ہوئے اور دھماکا کر دیا، جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت کا ایک حصہ مکمل تباہ ہو گیا۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ اس اسکول میں تقریباً 400 لڑکیاں زیر تعلیم ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضلع میں موجود لڑکیوں کے تمام اسکول کی سیکیورٹی کو بڑھایا جائے۔

خیال رہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں حال ہی میں اسکولوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ 28 مئی کو شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں چند نامعلوم دہشت گردوں نے لڑکیوں کے ایک مڈل اسکول کو آگ لگادی تھی، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رات کچھ نامعلوم حملہ آوروں نے تحصیل رزمک کے گاؤں شکیمار میں گولڈن ایرو گرلز مڈل اسکول کی عمارت میں گھس کر اسے آگ لگادی جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت کی چھت کو نقصان پہنچا اور وہاں موجود فرنیچر، کمپیوٹر، کتابیں اور دیگر سامان جل گیا۔

اسی طرح 17 مئی کو نامعلوم دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان میں لڑکیوں کے ایک زیر تعمیر نجی اسکول پر بمباری کی تھی، جبکہ 9 مئی کو دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے شیوا میں لڑکیوں کے نجی اسکول کو آگ لگا دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024