• KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am
  • KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am

عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کیس: فواد چوہدری، اعظم سواتی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

شائع July 24, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو عسکری ٹاور جلانے کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، اعظم سواتی، مسرت جمشید، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 2 اگست تک توسیع کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے عمر ایوب ،اسد عمر ،فواد چوہدری سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، عسکری ٹاور حملہ کیس میں فواد چوہدری انسدادِ دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے، فواد چوہدری عبوری ضمانت کی معیاد مکمل ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت مانگ لی، تفتشی افسر نے کہا کہ عمر ایوب،حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کے تحریری بیانات جمع نہیں ہوئے ، پچھلے ہفتے ہم محرم کی ڈیوٹی میں مصروف رہے ہیں لہذا ہمیں مزید مہلت فراہم کی جائے۔

جج خالد ارشد نے ریمارکس دیے کہ آئندہ تاریخ پر تمام درخواست ضمانتوں پر ہر صورت فیصلہ کر دوں گا۔کل پولیس نے مجھے یو ایس بی دی ہے، وہ تمام ویڈیوز میں نے دیکھی ہیں، تمام ملزمان نے لیڈروں کی طرح تقریریں کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن ملزمان نے عبوری ضمانتوں میں بیان نہیں جمع کروایا میں ان کی ضمانتیں خارج کرتا ہوں۔

اس موقع پر عمر ایوب کے وکیل ایوب مسعود چشتی نے جج ارشد جاوید پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔

وکیل نے کہا کہ جج بن کر کیس سنیں گے تو ہم دلائل دیں گے ورنہ ہمارا کیس ٹرانسفر کر دیں، ہم اس عدالت کی عزت کرتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ہمارے ساتھ زیادتی کریں۔

جج خالد ارشد نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ضمانتوں پر اللہ کے فضل سے فیصلہ ہوگا، جج نے ملزمان سے مکالمہ کرتے ہوئے بتایا کہ آپ چیزوں کا استحصال کررہے ہیں، ملزمان کے وکلا بحث کریں ورنہ میرٹ پر فیصلہ کروں گا ۔

اس پر وکلا کا کہنا تھا کہ ہمیں دلائل دینے کی مہلت دی جائے، جج نے ریمارکس دیے کہ ڈیرھ سال سے یہی چل رہا ہے، کتنی بار دلائل کا موقع دے چکا ہوں، سب ملزمان کے وکلا دلائل مکمل کریں۔

بعد ازاں عدالت نے ملزمان کے وکلا کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 2 اگست تک ملتوی کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے فواد چوہدری، اعظم سواتی، مسرت جمشید، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں بھی 2 اگست تک توسیع کردی۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024