• KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm
  • KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm

وفاقی کابینہ اجلاس: پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ مؤخر، 126ممالک کیلئے آن لائن ویزا سسٹم کی منظوری

شائع July 24, 2024
فوٹو: اے پی پی
فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کا معاملہ زیرغور نہیں آیا جب کہ حکومت نے 126 ممالک کے لیے آن لائن ویزا ایپلی کیشن سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی جس کے تحت ان ممالک کے شہری 24 گھنٹوں کے اندر بزنس اور ٹورسٹ ویزا حاصل کر سکیں گے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، کابینہ نے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ کیاہے۔

126 ممالک کے لیے آن لائن ویزا ایپلی کیشن سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی جس کے تحت ان ممالک کے شہری 24 گھنٹوں کے اندر بزنس اور ٹورسٹ ویزا حاصل کر سکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت کے لیے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ، گرین اینڈ سسٹین ایبل گروتھ، واٹر ویسٹ مینجمنٹ، اربن گرین ڈویلپمینٹ، متبادل توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مظلوم فلسطینی بھائیوں بہنوں اور بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی ظلم و جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ زیر غور نہیں آیا، بانی پی ٹی آئی، عارف علوی، قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی پر بھی فیصلہ نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن کے بورڈ کے اراکین کی تعداد میں اضافے، متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کی قانونی کاروائی کے آغاز اور تین سرکردہ رہنماؤں پر آرٹیکل 6 کے نفاذ کا معاملہ زیر غور نہ لایا جا سکا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق معاملے پر پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ساتھ مزید مشاورت کے بعد معاملہ وفاقی کابینہ میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کابینہ اجلاس جس میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر غور متوقع تھا، وزیر اعظم کے ’مصروف شیڈول‘ کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ سے سابق صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی منظوری کے لیے کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پہلے ہی آئین کی خلاف ورزی کے الزام میں پی ٹی آئی پر سیاست سے پابندی لگانے اور اس کے رہنما کے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ پی ٹی آئی 2014 سے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے اور مختلف مواقع پر خاص طور پر حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف مظاہروں کے دوران ہونے والی متعدد ہلاکتوں کی ذمہ دار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024