• KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm
  • KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm

گرفتاریوں، چھاپوں اور مقدمات کیخلاف پی ٹی آئی کی آج بھی پارلیمنٹ کے سامنے بھوک ہڑتال

شائع July 24, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر آج بھی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جس میں پارٹی کے سینئر رہنما موجود تھے۔

تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر آج بھی 4 گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال کی، تحریک انصاف نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں اپوزیشن اتحادی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔

تحریک انصاف کا بھوک ہڑتالی کیمپ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سینٹر کے ساتھ لگایا گیا تھا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز اور اسد قیصر سمیت تمام ارکان نے بھوک ہڑتال کی۔

بھوک ہڑتالی کیمپ میں پخنتوخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجا ناصر عباس بھی بیٹھے۔

ہڑتالی کیمپ میں حکومتی چھاپوں، انتقامی کارروائیوں، مہنگائی کے خاتمے کی مذمت کی گئی اور اسیران کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

عوام بانی پی ٹی آئی کیلئے جمعہ کو باہر نکلیں، اسد قیصر

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

شام کو پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی جس میں اسد قیصر نے کہا کہ ’میں صرف یہی کہنا چاہوں گا کہ جمعہ کے دن پورے پاکستان کے لوگ گھروں سے باہر نکلیں، آپ سب جمعہ کے دن بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے گھروں سے نکل آئیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے اس کے لیے ہمیں گھروں سے نکلنا ہوگا، جو اسیران جیلوں میں ہیں ان کے لیے جمعہ کے دن بھرپور احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔‘

اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر نے کہا کہ ’عوام کے حق پر پاکستان میں ڈاکا ڈالا گیا ہے، ان کو چاہیے کہ عوام کو بحرانوں سے نکلیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ کہتے ہیں ان پر آرٹیکل 6 لگائیں گے، پارٹی پر پابندی لگائیں گے، جو لوگ سچائی کا گلا گھونٹ دیتے ہیں وہ سچے نہیں ہیں، جو ہارے ہوئے لوگ ہیں وہ ملک کو تباہ و برباد کرتے ہیں لیکن ہم ان سے نہیں ڈرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشت روز بھی پی ٹی آئی نے بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا تھا جس میں چیئرمین بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سمیت دیگر سینئر رہنما موجود تھے۔

گرفتاریوں، چھاپوں اور مقدمات کے خلاف پی ٹی آئی کے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر کے علاوہ علی محمد خان، شیخ وقاص اکرم، سینیٹر ہمایوں مہمند اور فلک ناز چترالی بھی موجود تھے۔

سہ پہر 3 بجے سے لگایا گیا بھوک ہڑتالی کیمپ روزانہ شام 7 بجے تک جاری رہا تھا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق بھوک ہڑتال کے ذریعے ارکان پارلیمان کو وفاداریاں نہ بدلنے پر مقدمات کی دھمکیوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

احتجاجی کیمپ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024