• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:40pm
  • LHR: Zuhr 11:52am Asr 4:08pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:12pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:40pm
  • LHR: Zuhr 11:52am Asr 4:08pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:12pm

ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، رین ایمرجنسی نافذ

شائع July 29, 2024
فوٹو: آن لائن
فوٹو: آن لائن

ملک بھر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں طوفانی بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد کی گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسلام آباد شہر کے نشیبی علاقوں کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ زیرِ تعمیر پارک روڈ پر نا ہموار سطح میں بھی پانی بھرنا شروع ہو گیا ہے، سڑک کے ساتھ کچے حصے میں گاڑیوں کے پھنسنے کا اندیشہ ہے، اس کے ساتھ ہی ایکسپریس ہائی وے کے زیرِ تعمیر حصے کی ناہموار سطح میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں طوفانی بارش کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے رابطہ کر کے نکاسی آب کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کو ضروری ہدایات دے دی ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے لیے متعلقہ افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود رہے، بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئےکار لائے جائیں، نالوں کی نگرانی کے لیے اضافی عملہ اور مشینری لگائی جائے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ شاہراہوں، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، انڈر پاسسز اور دیگر مقامات پر پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک کی روانی کے لیے ٹریفک پولیس فعال انداز میں فرائض سرانجام دے۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

رین ایمرجنسی نافذ

ادگر گولڑہ میں بھی موسلادھار بارش کے موسم بہتر ہوگیا، مری روڈ پر لینڈ سلائڈنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے، مری میں لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اربن فلڈ کا خدشہ ظاہر کردیا جس کے بعد انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

لاہور میں کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش کے بعد موسم بہتر ہوگیا، جہلم اورگردانواح میں بھی ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں کمی آگئی، این ڈی ایم اے نے لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا، گوجرات، راولپنڈی، اسلام آباد اور گردو نواح میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اس کے علاوہ راولپنڈی کےمختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا اور کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، اعوان کالونی،کالج روڈ، موہن پورا، راجا بازار میں نکاسی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

موسلادھار بارش کے بعد راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، پیر کی صبح تک راولپنڈی میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ راولپنڈی میں 13 ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔

شمس آباد میں 58 ملی میٹر، سعدپور میں 51 ، گولڑہ میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گوال منڈی میں نالہ لئی پر پانی کی سطح 10 فٹ ہوگئی جس کے بعد پری الرٹ جاری کردیا گیا۔

دوسری جانب راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے کےمقام پر بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے دھرنے میں شامل شرکا کو مشکلات کا سامنا ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی طوفانی بارش

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بپھر گئے، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ضلعی انتظامیہ نے وادی کاغان سمیت بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سیاحوں کو لینڈ سلائیدنگ والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی میں رات سے موسلا دھار بارش کا امکان

ادھر سندھ کے شہر سانگھڑ میں بارش کے بعد نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، سانگھڑ اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں آج بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں اگست سے موسم خوشگوار ہوگا، شہر میں آج دن میں ہلکی بارش کا امکان ہے، آج رات سے موسلادھار بارش کا امکان ہے، شہرمیں سمندری ہوائیں سست رفتاری سے چل رہی ہیں اور حبس کی کیفیت ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ تک جانے کا امکان ہے، تیسرے اسپیل سے مختلف علاقوں میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی برسات

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھمبر اور دیگر مقامات پر بھی تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، این ڈی ایم اے نے وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلیاں اور کوٹلی میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 ستمبر 2024
کارٹون : 28 ستمبر 2024