• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm

پیرس اولمپکس 2024: سوشل میڈیا پر 51 سالہ ترک نشانہ باز کے چرچے

شائع August 1, 2024

پیرس اولمپکس 2024ء کے مقابلے جاری ہیں، 51 سالہ ترک اولمپیئن یوسف دیکیچ نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ڈبلز شوٹنگ مقابلے میں خصوصی لینس کے بجائے نظر کا چشمہ پہن کر چاندی کا تمغہ جیت لیا۔

واضح رہے کہ شوٹنگ مقابلوں میں نشانہ لگانے کے لیے نشانہ باز خصوصی لینس پہنتے ہیں لیکن یوسف دیکیچ نے عام چشمے کے ساتھ مقابلے میں شرکت کی جبکہ ان کے کھڑے ہونے کے دلچسپ انداز کی وجہ سے بھی سوشل میڈیا صارفین ان کی پذیرائی کررہے ہیں۔

اس موقع پر ترک نشانہ باز نے گولی کی آواز سے حفاظت کے لیے پہنے جانے والے ایئر فونز بھی نہیں پہنے تھے۔

10 میٹر ایئر پسٹل ڈبلز میں یوسف دیکیچ نے اپنی ساتھی سیوال ایلائدا ترہان کے ساتھ شرکت کی اور دونوں کی جوڑی چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔

یوسف دیکیچ جنہوں نے 2008ء کے بیجنگ اولمپکس میں ڈیبیو کیا تھا، یہ ان کا 5واں اولمپکس ہے، جبکہ چاندی کا تمغہ ان کا پہلا اولمپک تمغہ ہے۔

یوسف دیکیچ کو اپنے منفرد انداز کی وجہ سے راتوں رات سوشل میڈیا پر شہرت حاصل ہوئی ہے جبکہ صارفین خصوصی چشمے لگائے بغیر دیگر کھلاڑیوں سے مقابلے اور کامیابی پر ان کی خوب پذیرائی کررہے ہیں۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’یہ اس وقت سوشل میڈیا پر سب سے مقبول شخص ہیں‘۔

ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے سوال پوچھا کہ ’کیا ترکیہ نے اپنے ماہر نشانہ باز قاتل کو اولمپکس میں بھیج دیا ہے؟‘

ایک صارف نے دلچسپ تبصرہ کیا، ’لگتا ہے کہ اس شخص نے آج صبح اٹھ کر فیصلہ کیا تھا کہ اسے اولمپکس میں شرکت کرنی ہے‘۔

ایک صارف نے ایک ہاتھ جیب میں ڈال کر نشانہ لگانے پر ان کے اطمینان کی تعریف کی۔

ایکس صارف نے یوسف دیکیچ کی تصویر کو دلچسپ انداز میں ایڈٹ کیا۔

ایک اور صارف نے دعویٰ کیا کہ وہ ترک فوج کے ممبر ہیں۔

مکسڈ ڈبلز کے کانٹے دار مقابلے کے بعد سربیا کے زورانا ارونووک اور دمیر میکیک نے طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے، ترک جوڑی نے چاندی جبکہ بھارت کے منو بھاکر اور سربجوت سنگھ کی جوڑی نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024