• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am

پیرس اولمپکس: جیولن تھرو میں ارشد ندیم نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

شائع August 6, 2024
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 86.59 میٹر کی تھرو کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے پہلے مرحلے میں گروپ بی سے بھارت کے نیرج چوپڑا نے 89 میٹر کی تھرو کی اور وہ پہلے نمبر پر رہے، گریناڈا سے تعلق رکھنے والے اینڈرسن پیٹرز نے 88.63 میٹر کی تھرو کی اور وہ دوسرے نمبر پر رہے۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے 86.59 میٹر کی تھرو کی اور وہ گروپ میں تیسرے نمبر پر رہے، برازیل کے لوئیز موریسیو دا سلوا نے 85.91 میٹر کی تھرو کی اور وہ چوتھے نمبر پر رہے، اینڈرین مارڈیر نے 84.13 میٹر کی تھرو کی اور وہ پانچویں پوزیشن پر رہے، فن لینڈ کے ایٹھیلیٹ 82.91 میٹر کی تھرو کرکے چھٹے نمبر پر رہے۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے ابتدائی راؤنڈ میں 32 ایتھلیٹس نے حصہ لیا، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، اور دونوں گروپس سے ٹاپ 6 جیولن تھرور فائنل میں پہنچ گئے۔

جیولن تھرو کے مقابلوں میں گروپ اے سے جرمنی کے جولین ویبر 87.76 میٹر کی تھرو کی اور وہ پہلے نمبر پر رہے، کینیا کے جولیس ییگو 85.97 میٹر کی تھرو کی، تیسرے نمبر پر رہنے والے چیک جمہوریہ کے جیکب وڈلیچ نے 85.63 میٹر کی تھرو کی۔

گروپ اے سے فن لینڈ کے ٹونی کیرنن نے 85.27 میٹر کی تھرو کی اور وہ چوتھے نمبر پر رہے، فن لینڈ کے اولیور ہیلینڈر نے 83.81 میٹر کی تھرو کی اور وہ پانچویں پوزیشن پر رہے، جب کہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو سے تعلق رکھنے والے کیشورن والکوٹ 83.02 میٹر کی تھرو کی اور وہ چھٹے نمبر پر رہے۔

پیرس روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ میں پوری طرح فٹ اور اچھی طرح سے تیار ہوں، میں نے اس ایونٹ کے لیے بہت محنت کی ہے، میں پاکستان کے لیے میڈل لانے کی بھرپور کوشش کروں گا، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 1992 کے اولمپکس کے بعد سے اب تک کسی بھی رنگ کا تمغہ نہیں جیتا لیکن پاکستان کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم فرانس کے دارالحکومت میں پاکستان کے لیے میڈل لانے کے لیے پرامید ہیں۔

2024 کے اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کا 7 رکنی دستہ شرکت کر رہا ہے لیکن سب کو صرف ارشد ندیم سے ہی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ پاکستان کو 32 سال بعد میڈل جتوانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم دو سال قبل 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے، تاہم 2023 کے عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں وہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو شکست دینے میں ناکام رہے اور چاندی کا تمغہ لائے تھے۔

حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس 2024 کے جولین تھرو کے مقابلوں کے فائنل رائونڈ میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی شاندار کارکردگی اور انتھک محنت سے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں، جولین تھرو کھیل کی ترویج کے لیے ارشد ندیم کی خدمات قابل قدر ہیں اور ان کی محنت اور لگن نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مارچ 2024 میں وزیراعظم ہاؤس میں ارشد ندیم سے ملاقات کر کے دلی خوشی ہوئی، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، اسے مزید نکھارنے کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم کی کامیابی کے لئے دعا کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024