• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am

منکی پاکس کا پھیلاؤ، عالمی ادارہ صحت کا ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان

شائع August 15, 2024
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم— فوٹو: رائٹرز
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم— فوٹو: رائٹرز

براعظم افریقہ میں ایم پاکس(منکی پاکس) کے حوالے سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھی منکی پاکس کے پھیلاؤ کے پیش نظر عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا۔

افریقہ کے صحت عامہ کے اعلیٰ ادارے نے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو سے پڑوسی ممالک میں پھیلنے والی بیماری منکی پاکس کے پھیلنے پر منگل کو براعظم کی سلامتی کے لیے صحت کی ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔

وائرل انفیکشن قریبی رابطے سے پھیلتا ہے جس کی علامات میں فلو اور پیپ سے بھرے دانے شامل ہیں، یہ عموماً خطرناک نہیں ہوتی لیکن بیماری مہلک شکار اختیار کرنے پر یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

عالمی سطح پر کسی بیماری کے خلاف عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اعلیٰ ترین تحقیق، فنڈنگ ​​اور بین الاقوامی صحت عامہ کے اقدامات اور بیماری پر قابو پانے کے لیے تعاون میں تیزی آتی ہے۔

کانگو میں بیماری کا پھیلاؤ ایک وبا سے ہوا تھا جسے کلیڈ I کہا جاتا ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وائرس کی نئی شکل کلیڈI بی جسمانی رابطے سمیت قریبی تعامل کی وجہ سے تیزی سے پھیل سکتی ہے۔

یہ وائرس کانگو سے پڑوسی ممالک میں برونڈی، کینیا، روانڈا اور یوگنڈا میں پھیل گیا ہے جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ اس وبا کو روکنے اور جان بچانے کے لیے ایک مربوط بین الاقوامی اقدامات ضروری ہیں۔

افریقہ کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے کہا کہ اس سال اب تک براعظم افریقہ میں منکی پاکس کے 17ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور اس مرض کا شکار ہو کر 517 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

ان کیسز میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 160 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب تک 13 ممالک میں یہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

منکی پاکس کلیڈ IIبی کی ایک مختلف شکل 2022 میں عالمی سطح پر پھیلی تھی جہاں یہ بیماری زیادہ تر مردوں کے مابین جسمانی تعلق سے پھیلتی ہے جس کے سبب عالمی ادارہ صحت نے عالمی سطح پر ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا تھا تاہم 10ماہ بعد ایمرجنسی ختم کردی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024