اڈیالہ جیل میں بیٹھے شخص نے ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلا، بلال اظہر کیانی
نیشنل پارلیمنٹری ٹاسک فورس کے کنوینر اور رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھے شخص نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑ کر ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلا لیکن (ن) لیگ نے آئی ایم ایف معاہدہ پورا کیا اور ملک کو بچایا۔
ڈان نیوز کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف بار بار کہتے ہیں کہ پوری کمٹمنٹ ہے یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہے لیکن پاکستان کو ڈالر کمانے کی صلاحیت کو بڑھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 9 ارب ڈالر کے فارن ایکسچینج ریزور میں ہیں جو 18 ارب تک جائیں گے تو مزید حالات بہتر ہوں گے اور ڈالر و کرنسی مستحکم ہے جس سے معیشت بہتر ہوئی۔
ان کاکہنا تھاکہ 36 فیصد والی مہنگائی کم ہوکر سنگل ڈیجیٹ میں آگئی ہے اور اب 9.6 فیصد تک کم ہوگئی ہے، اسٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ 22 فیصد سے ساڑھے 19 فیصد تک آ گیا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بجلی کے بل مشکل ترین حالات و آئی ایم ایف کے باوجود 50 ارب روپے وفاق نے صفر سے 200 یونٹ بلوں کی مد میں سبسڈی دیے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ایکسپورٹس تسلی بخش نہیں ہے سالانہ ڈالر بڑھائیں گے تب ہی آئی ایم ایف سے جان چھڑوا سکیں گے، ایک ہزار بلین روپے تک ملکی برآمدات کو لے کر جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل و پاکستان کے تعلقات کی بات گولڈ اسمتھ خاندان کے ذریعے بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں جنہوں نے فلسطینوں کا قتل عام کیا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ زلفی بخاری مغرب میں یہی کام کررہے ہیں جو اسرائیل 40 ہزار فلسطینیوں کا قاتل ہے، خان صاحب ہی مسلط ہوں گے تو اسراہیل و پاکستان کے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں اور اس شخص کا یہی ایجنڈا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کی جائے اور 9مئی کا واقعہ کیا جائے، بانی پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ وہ کیوں اسرائیل سے تعلقات مضبوط کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔