• KHI: Fajr 5:05am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:51am
  • ISB: Fajr 4:33am Sunrise 5:57am
  • KHI: Fajr 5:05am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:51am
  • ISB: Fajr 4:33am Sunrise 5:57am

یروشلم پوسٹ نے عمران خان کو اسرائیل کا حامی قرار دے دیا، حکومت، اتحادیوں کی سخت تنقید

شائع September 22, 2024
— فائل فوٹو: عمران خان انسٹاگرام
— فائل فوٹو: عمران خان انسٹاگرام

اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم کو اسرائیل کا حامی اور ہم خیال قرار دے دیا جب کہ حکومت اور اس کے اتحادیوں نے سخت رد عمل دیتے ہوئے عمران خان پر کڑی تنقید کی ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی نشریاتی ادارے یروشلم پوسٹ کے کالم میں کہا گیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسرائیل کے خلاف عوامی سطح پر سخت سیاسی بیان بازی کی لیکن اندرونِ خانہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے قائل ہیں۔

اس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی حالیہ انتخابات میں خاطر خواہ کامیابی پاکستان اسرائیل تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتی ہے، بانی پی ٹی آئی جیسی شخصیت عوامی رائے اور فوجی پالیسی دونوں کو تبدیل کرنے میں مرکزی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

اس میں کہا گیا کہ پاکستان کی اسرائیل دوست خارجہ پالیسی کے اسٹریٹجک فوائد ہیں لیکن پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق عمران خان پاکستان میں واحد قابل قبول شخص ہیں، احسن اقبال

اس کالم پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اخبار کے مطابق بانی پی ٹی آئی پاکستان میں واحد قابل قبول شخص ہیں، لوگ اب سمجھ گئے ہیں کہ پروجیکٹ بانی پی ٹی آئی کے پیچھے کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلامی ٹچ دے کر عوام میں اپنا تشخص قائم کیا، جس کا مقصد پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات استوار کرنا ہے، حال ہی میں اسرائیل کے میڈیا میں بانی پی ٹی آئی کے حق میں تیسرا آرٹیکل شائع ہوا ہے، یروشلم پوسٹ میں شائع مضمون بانی پی ٹی آئی کے حق میں عالمی میڈیا میں جاری مہم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضمون میں لکھا گیا ہے کہ اسرائیل کو اپنے مقاصد کے لیے پاکستانی قیادت میں تبدیلی لانا ہو گی، پاکستان کو معاشی،سماجی اور سیاسی طور پرکمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ریاست پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف اس طرح کی مہم پہلے کبھی نہیں چلائی گئی، بانی پی ٹی آئی کی ایما پر ان کا سوشل میڈیا ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف اپنی مذموم مہم چلا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے 2013 سے اپنی نفرت انگیز مہم شروع کر رکھی ہے، لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز ایجنڈے کا پرچار کیا جا رہا ہے۔

یروشلم پوسٹ نے بانی پی ٹی آئی کا دوغلا پن بے نقاب کردیا، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہی حکومت پنجاب کی سینئر وزیرِ مریم اورنگزیب نے اسرائیلی اخبار کے آرٹیکل پر ردعمل میں کہا کہ یروشلم پوسٹ نے بانی پی ٹی آئی کا دوغلا پن اور تضادات کا پہلو بے نقاب کردیا، اخبار کی باتیں آنکھیں کھول دینے والی ہیں۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل سے معمول کے تعلقات چاہتے تھے۔

عمران خان نے اسرائیل سے اچھے تعلقات کے لیے ہر ممکن کوشش کی، وفد بھیجا، عظمیٰ بخاری

وزیراطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج اسرائیل کےاخبار نے بانی پی ٹی آئی کو پوری دنیا کے سامنے ایکسپوز کر کے رکھ دیا ہے کہ وہ اسرائیلی کے فرنٹ مین کے طور پر کردار ادا کر رہے تھے، کچھ ہوجائے ن لیگ اسرائیل کو کسی صورت بھی ایک ریاست تسلیم نہیں ہونے دے گی، مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پنجاب میں صرف عوامی ترقی کےکام ہوں گے۔

لاہور کے علاقہ شاہدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ اسرائیلی اخبار نے بانی پی ٹی آئی کاچہرہ آج ایک بار پھر دنیا بھر کے سامنے بے نقاب کردیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں اسرائیل سے اچھے تعلقات کے لیے وفد بھیجا اور ہر ممکن کوشش کی۔

تحریک انصاف کے کاہنہ جلسہ پر عظمی بخاری کاکہنا تھا کہ کل ثابت ہوگیا کہ پنجاب حکومت کو اپنی رٹ قائم کروانا آتی ہے، کل مریم نواز نے پی ٹی آئی کے بدمعاشوں کو گھر جانے پر مجبور کردیا، گنڈا پورنے کہاکہ کے پی جاکربیانیہ دوں جناب بیانیہ تو جلسہ میں دینا تھا، جس جس نے قانون توڑا ان سب سے سختی سے نمٹا جائےگا۔

شرجیل میمن نے یروشلم پوسٹ کے انکشافات کو افسوسناک قرار دیا

وفاقی حکومت کی اتحادی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے یروشلم پوسٹ کے انکشافات کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ اگر اسرائیل سمجھتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ان کے لیے بہتر ہیں تو قوم کو سوچنا چاہیے۔

شرجیل میمن نے یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل پر ردعمل دیا کہ بانی پی ٹی آئی کےتانے بانے سامنے آرہے ہیں۔ اسرائیل بانی پی ٹی آئی کے اقتدار کو اپنے لیے مفید سمجھتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لندن میئر کے الیکشن میں بانی پی ٹی آئی نے پاکستانی نژاد شہری کیخلاف مہم چلائی۔

پاکستان کے دشمن ممالک بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کر رہے ہیں، سعید غنی

ان کے علاوہ پی پی پی کے ایک اور رہنما وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے دعوی کیا کہ پاکستان کے دشمن ممالک بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کر رہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی جو کچھ کر رہے ہیں۔۔اس کا فائدہ دشمن ممالک کو پہنچ رہا ہے۔

اسرائیل سے متعلق بانی پی ٹی آئی کا مؤقف روز روشن کی طرح عیاں ہے، بیرسٹر سیف

دوسری جانب پی ٹی آئی کے خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے وضاحت پیش کی کہ اسرائیل سے متعلق بانی پی ٹی آئی کا مؤقف روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہودی اخبار نے تعریف کی تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کا اسرائیل سے متعلق مؤقف بدل گیا ہے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 ستمبر 2024
کارٹون : 21 ستمبر 2024