• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

گووندا گولی لگنے سے زخمی، ہسپتال منتقل

شائع October 1, 2024
— فوٹو: بھارتی میڈیا
— فوٹو: بھارتی میڈیا

بولی وڈ کے نامور اداکار وسیاست دان گووندا اپنی ہی ریوالور سے حادثاتی طور پر نکلنے والی گولی سے زخمی ہوگئے، انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کے سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ بھارت کے نامور اداکار اور سیاستدان گووندا کو زخمی حالت میں ممبئی کے ایک ہسپتال لایا گیا ہے۔

انڈین نیوز ایجنسی (اے این آئی) سے بات کرتے ہوئے گوندا کے منیجر ششی سنہا نے بتایا کہ اداکار ایک پروگرام کے سلسلے میں کلکتہ جانے کی تیاری کررہے تھے، چونکہ وہ اپنا لائنسس یافتہ اسلحہ اپنے ساتھ رکھتے ہیں اور بیگ میں رکھنے سے پہلے پستول کی صفائی کے دوران ان سے حادثاتی طور پر گولی چل گئی جو ان کے پیر میں لگی۔

انہوں نے کہا کہ گووندا کو زخمی حالت میں جوہو ممبئی میں ان کے گھر کے قریبی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے آپریشن کے بعد گولی نکال دی ہے اور اب اداکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس جلد واقعے سے متعلق ان کا بیان ریکارڈ کرے گی اور اس حوالے سے ان کی اہلیہ کا بیان بھی لیا جائے گا جو حادثے کے وقت ان کے ساتھ نہیں تھیں بلکہ وہ اس وقت کلکتہ میں تھیں جو حادثے کے بعد ممبئی پہنچ گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گووندا کا شمار بھارت کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے انڈسٹری کو 90 کی دہائی میں درجنوں سپر ہٹ فلمیں دیں۔

گووندا کی مقبول ترین فلموں میں ہیرو نمبر ون، دولہے راجا، جوڑی نمبر ون، قلی نمبر ون، ایک اور ایک گیارہ، کیوں کہ میں جھوٹ نہیں بولتا، آنکھیں، بڑے میاں چھوٹے میاں اور راجا بابو شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں سیاست کو دھوکا کہنے والے اداکار گووندا نے 14 سال بعد دوبارہ سیاست میں قدم رکھتے ہوئے ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024