• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حکومت خیبرپختونخوا کا چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلئے وفاق سے وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ

شائع October 8, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

حکومت خیبر پختونخوا نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے درکار گاڑیوں کی فوری خریداری کا فیصلہ کرتے ہوئے بلٹ بروف گاڑیوں کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت سے وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں کراچی میں چینی انجینئرز کے قافلے پر دہشت گرد حملے کے تناظر میں خیبرپختونخوا میں کام کرنے والے چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آئی جی پولیس، چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے درکار گاڑیوں کی فوری خریداری کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضرورت پڑنے پر ان کی نقل و حرکت کے لیے صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر سمیت کرائے پر ہیلی کاپٹر حاصل کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ کو صوبے میں کام کرنے والے چینی باشندوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات، مسائل اور درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں مجموعی طور پر 24 ایسے منصوبے ہیں جن پر چینی باشندے کام کررہے ہیں، چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ان ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 8578 سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے لیے فارن سیکیورٹی ڈیش بورڈ مکمل طور پر فعال ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی صوبائی حکومت کے لیے انتہائی اہم ہے، اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صوبے میں غیر ملکیوں کے تحفظ میں غفلت یا کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ حکام اس سلسلے میں اپنے فرائض کی بطریق احسن انجام دہی کو یقینی بنائیں، چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے کی ترقی میں چین کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ملک اور صوبے میں اہم ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں چینی انجینئرز کا اہم کردار ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت یہاں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، صوبائی حکومت اس سلسلے میں چینی باشندوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل رات گئے کراچی میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 چینی شہریوں سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے، جبکہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024