• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان سی پیک فیز 2 کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، عطا تارڑ

شائع October 13, 2024
فوٹو: ڈان
فوٹو: ڈان

وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان سی پیک فیز ٹو کے حوالے سے گیمز چینجر ثابت ہوگا۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے غیرملکی میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، اس اجلاس سے دنیا بھرمیں پاکستان کا مثبت امیج دنیا میں جائے گا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز اور باعث فخر ہی نہیں بلکہ علاقائی تعلقات ،علاقائی معاملات،معیشت اور ثقافت کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا، یہ خطے کے عوام کے بھی مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے لیے انتظامات مکمل ہیں فول پروف سیکیورٹی کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں ،شہر کو سجادیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر لیڈرز کے درمیان دوطرفہ ملاقاتوں کے لیے بھی تیاریاں کی گئی ہیں، چینی وزیراعظم کے دورے میں دوطرفہ مذاکرات گیم چینجر ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی وفود کے ساتھ مختلف سطح پر ملاقاتیں بھی طے ہیں جن میں تعاون کے نئے میدان تلاش کرنے کے ساتھ معیشت کو مضبوط کرنے پر بات ہوگی۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 نومبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی کیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران چینی وزیر اعظم صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سربراہی اجلاس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے جبکہ ایران کے اول نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ مبصر ملک منگولیا کے وزیراعظم، ترکمانستان کے چیئرمین وزرا کابینہ بھی کانفرنس کا حصہ ہوں گے۔

حکومت نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے سلسلے میں اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں پیر سے تین دن کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے اور اس دوران نقل و حرکت کو محدود رکھنے کے لیے دارالحکومت کی تمام مرکزی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔

سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے والے ’ریڈ زون‘ سمیت پورے اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے اور جابجا خوش آمدید کے بینر اور بین الاقوامی سربراہان کی تصاویر آویزاں ہیں۔

کانفرنس کے دوران جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس کل سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی جبکہ راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک لاہور اور پشاور سے آنے والے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا، اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے حکام نے بریفنگ دی جس پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے اطمینان کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024