• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایس سی او کانفرنس: چینی وزیراعظم لی چیانگ پاکستان پہنچ گئے

شائع October 14, 2024
— فوٹو: وزیراعظم شہباز شریف - ایکس
— فوٹو: وزیراعظم شہباز شریف - ایکس
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

چین کے وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نور خان ایئر بیس پر اترے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چینی ہم منصب کا نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال ودیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

نور خان ایئربیس پر دو بچوں نے چینی وزیراعظم کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، پاکستان آمد پر چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

’پاکستان ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے‘

اس موقع پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ پاکستان پر خوشی ہوئی، جہاز سے اترا تو مجھے گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا، ایس سی او سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے پر خوشی ہے۔

انہوں نے پاکستان حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کا ہر موقع پر ساتھ دینے والا آہنی بھائی ہے، پاکستان چین کا ہر موسم کا دوست، اسٹریٹیجک پارٹنر ہے، پاکستان ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے چینی وزیراعظم کی آمد پر سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم لی چیانگ کا اسلام آباد میں استقبال کرکے بے حد خوشی ہوئی، اپنے بھائی لی چیانگ کے تاریخی دورے کی تعمیری نتائج کا یقین ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مستحکم کرے گا، دونوں ملکوں کی آزمودہ شراکت داری، علاقائی استحکام، خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان میں دونوں ملکوں کے درمیان جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے، سی پیک پر پیشرفت کے ساتھ باہمی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے مختلف ممالک کے وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، چین، بھارت، روس، ایران اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران چینی وزیر اعظم صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کی تاریخ:

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس ای او) علاقائی، سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تنظیم ہے، اس تنظیم کو ابتدا میں چین اور روس نے قائم کیا تھا، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان اور تاجکستان ایس ای او کے ممبر ملک تھے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل ارکان کی تعداد 10ہے، 3 ممالک مبصر اور 14 ممالک ڈائیلاگ پارٹنرز کی حیثیت سے تنظیم سے منسلک ہیں۔

پاکستان اور بھارت نے جون 2017 ایران نے 2023 مستقل ممبرز کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی جب کہ بیلاروس نے 2024 میں تنظیم کے مستقل ممبرز کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔

ایس سی او دنیا کی 40 فیصد آبادی اور جی ڈی پی کا تقریباً 32 فیصد حصہ رکھتی ہے، سربراہان مملکت کی کونسل شنگھائی تعاون تنظیم میں سب سے بڑا فیصلہ سازی کا حامل فورم ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس رکن ممالک کے دار الحکومت یاکسی ایک شہر میں ہر سال منعقد ہوتا ہے۔

ایس سی او تنظیم کے اہداف میں دوستانہ ہمسائیگی، تجارت، سائنس وٹیکنالوجی، تعلیم، توانائی، سیاحت کے شعبوں میں تعاون، خطے میں امن و امان اور سلامتی کو مشترکہ طور پر یقینی بنانا شامل ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، اس اجلاس سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج دنیا میں جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ ملاقاتوں کے لیے بھی تیاریاں کی گئی ہیں، چینی وزیراعظم کے دورے میں دوطرفہ مذاکرات گیم چینجر ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی وفود کے ساتھ مختلف سطح پر ملاقاتیں بھی طے ہیں جن میں تعاون کے نئے میدان تلاش کرنے کے ساتھ معیشت کو مضبوط کرنے پر بات ہوگی۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

کانفرنس کے دوران جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی جب کہ راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک لاہور اور پشاور سے آنے والے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ حکومت نے اسلام آباد میں 3 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اسکول اور کاروبار بند ہیں، اور پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024