• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

’مستقبل قریب میں نریندرمودی، ہم ساتھ مل بیٹھیں گے‘، نواز شریف بھارت کےساتھ اچھے تعلقات کیلئے پرامید

شائع October 14, 2024 اپ ڈیٹ October 15, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی بحالی اور بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کے حوالے سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے لیے اگر نریندرمودی پاکستان آتے تو اچھی بات تھی۔

معروف بھارتی صحافی برکھا دت نے لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق برکھا دت نے ملاقات میں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دور کی یاد تازہ کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

برکھا دت سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی ہمیشہ حمایت کی اور پڑوسی ملک کے ساتھ اچھے تعلقات کی بحالی کی امید ہے۔

نواز شریف نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں نریندرمودی اور ہم ساتھ مل بیٹھیں گے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر بھی شرکت کریں گے، اجلاس کے لیے مختلف ممالک کے وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، چین، بھارت، روس، ایران اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جون میں نواز شریف نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے پر پڑوسی ملک بھارت کے صدر کو مبارکباد پیش کی تھی اور خطے کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئیں ہم مل کر نفرت کو امید سے بدل دیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر نریندر مودی کو مسلسل تیسری مرتبہ بھارتی وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ حالیہ انتخابات میں آپ کی جماعت کی کامیابی آپ کے لوگوں کا آپ کی قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو خطے کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئیں ہم مل کر نفرت کو امید سے بدل کر جنوبی ایشیا میں رہنے والے دو ارب انسانوں کی قسمت و تقدیر بدلنے کے موقع سے استفادہ کریں۔

نریندر مودی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کی مبارکباد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم آپ کی مبارکباد کے پیغام کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کے عوام ہمیشہ امن، سلامتی اور ترقی پسند خیالات کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور بھارت کے لوگوں کی فلاح اور تحفظ کے لیے کام کرنا ہمیشہ میری ترجیح رہے گی۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی تیسری مرتبہ وزیر اعظم کا حلف اٹھانے پر نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی تھی اور بھارتی وزیراعظم نے ان کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 6 جنوری 2025
کارٹون : 5 جنوری 2025