یونان کشتی حادثے میں ایک پاکستانی جاں بحق، 47 کو ریسکیو کیا گیا، دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں 47 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا ہے اور اب تک ایک پاکستانی شہری کی جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یونان کشتی حادثے سے متعلق پاکستانی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یونان کشتی حادثے میں 47 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا ہے اور اب تک ایک پاکستانی شہری کی جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کشتی پر سوار تمام لاپتا اور مرنے والے پاکستانیوں کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، پاکستانی سفارتخانہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرنے والے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے کے حکام ریسکیو ہونے والے پاکستانیوں سے ملاقات کے لیے پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے دفتر خارجہ میں ایک کرائسز مینجمنٹ سیل کو فعال کردیا گیا ہے اور متاثرہ خاندان دیے گئے نمبروں پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
یونان میں پاکستانی سفارتخانے نے کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں پاکستانیوں کی شناخت کیلئے واٹس ایپ نمبر 00306943850188 کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
یونان میں خصوصی سیل قائم
دوسری جانب، وزیراعظم کی ہدایت پر یونان میں پاکستانی سفارتخانے میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، سیل پاکستانیوں کی شناخت اور ورثا کی اپنے پیاروں تک رسائی یقینی بنائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار تمام سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں جب کہ پاکستانی سفارتخانے نے یونانی حکومت کے متعلقہ اداروں کو خط بھی لکھا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہری کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
’انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں متاثرہ پاکستانیوں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، معصوم شہریوں کو ورغلا کر انسانی اسمگلنگ مذموم فعل ہے، شریک عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے تحقیقات کا حکم دے دیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ رفعت مختار راجا کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی تحقیقات کرکے 5 روز میں رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد کم از کم 5 تارکین وطن ڈوب کر ہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئے تھے، جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی شامل ہے۔
2023 میں یونان کے قریب بحیرہ روم میں تقریباً 400 پاکستانیوں سمیت 800 تارکین وطن پر مشتمل کشتی ڈوب گئی تھی، جن میں سے محض 104 افراد کو زندہ ریسکیو کیا جاسکا تھا۔