پیپلز پارٹی کے تحفظات پر مذاکرات جاری ہیں، معاہدے پر عمل کیا جائے، یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی کے تحفظات کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، انہوں نے حکومت سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ طے کردہ تحریری معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ کردیا۔
چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفظات سے متعلق مذاکرات جاری ہیں، حکومت نے پی پی سےجو تحریری معاہدہ کیا اس پر عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا پہلے بھی حصہ نہیں تھی اور آئندہ بھی حصہ نہیں ہوگی، ایک سوال کےجواب میں یوسف رضا گیلانی نے تمام سیاسی مسائل کا حل مذاکرات ہی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی مسائل کا حل مذاکرات ہیں، مہذب دنیا میں مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا جب مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، تو باضابط نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسلام آباد میں صحت سے متعلق آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں، ہیلتھ کیئر نظام تک رسائی نہ صرف بنیادی انسانیحق اور قومی ترقی کی بنیاد بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ 18ویں آئینی ترمیم نے صوبوں کو صحت سے متعلق امور پر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، آئینی ترمیم کے تحت صوبے اپنی آبادی کی ضروریات کے مطابق مقامی حل نکالنے میں اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات کی منتقلی نے صحت سے متعلق ایک جامع، شراکتی فریم ورک بنانے میں مدد کی ہے، وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ عوام کو نہ صرف وہ دیکھ بھال ملے جس کے وہ مستحق ہیں بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کی جائے جو صحت کو ترقی کی بنیاد کے طور پر اہمیت دے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے طور پر اپنے دور میں ہیلتھ کیئر کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے، سید یوسف رضا گیلانی نے تجویز پیش کی کہ بنیادی صحت کے شعبے کو بہتر بنانے اور شہری و دیہی علاقوں کے درمیان رسائی کے فرق کو ختم کرنے پر توجہ دی جائے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کپ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سب سے زیادہ تبدیلی لانے والے سنگ میلوں میں سے ایک 18ویں آئینی ترمیم تھی، سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہیلتھ کیئر نظام تک رسائی نہ صرف بنیادی انسانیحق ہے بلکہ قومی ترقی کی بنیاد بھی ہے ۔