لاہور: ساتھ جانے سے انکار پر سوتیلے باپ نے 5 سالہ بچی پر تیزاب پھینک دیا
لاہور کے علاقےگرین ٹاؤن میں سوتیلے باپ نے 5 سالہ بچی پر تیزاب پھینک دیا جس سے اس کا 20 فیصد جسم جھلس گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ بچی اپنے والدین کی طلاق کے بعد اپنے دادا کے ساتھ رہتی تھی۔
بچی کی ماں اور سوتیلا باپ بچی کو لینے آئے تھے، جب بچی نے ساتھ جانے سے انکار کیا تو ملزم نے بچی پر تیزاب پھینک دیا۔
واقعے کے فوری بعد طبی علاج کی فراہمی کے لیے بچی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق بچی کا جسم 20 فیصد جھلسا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا واقعے کا سخت نوٹس لے کر ایس پی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی اور کہا کہ افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔