• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am

افغانستان کی قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر اور ٹرک کیساتھ 2 بسوں کا تصادم، 52 افراد ہلاک

شائع December 19, 2024
کابل سے قندھار جانے والی شاہراہ پر حادثے کے بعد لوگ جمع ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو: اے ایف پی
کابل سے قندھار جانے والی شاہراہ پر حادثے کے بعد لوگ جمع ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو: اے ایف پی

افغانستان میں آئل ٹینکر اور ٹرک کے ساتھ دو بسوں کے تصادم کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک جبکہ 65 زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صوبہ غزنی کے وزیر اطلاعات حمید اللہ نثار نے ایکس پر بتایا کہ ’دونوں حادثات صوبہ غزنی میں کابل اور قندھار جانے والی قومی شاہراہ پر پیش آئے‘، تاہم انہوں نے مرنے والوں کی تعداد کا ذکر نہیں کیا۔

افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ کابل، قندھار قومی شاہراہ پر ہونے والے دو حادثوں کی اطلاعات ملی ہیں، جن پر ہم دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، ان حادثات میں ہمارے 52 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ 65 کے قریب زخمی ہیں۔

صوبائی وزیر حمیداللہ نثار نے بتایا کہ وسطی غزنی کے علاقے شہباز گاؤں کے قریب ایک بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جب کہ دوسری بس مشرقی ضلع اندر میں ایک ٹرک سے ٹکرائی۔

انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، جن میں سے بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں، جس کی ایک وجہ دہائیوں کے تنازعات کے بعد خراب سڑکیں، شاہراہوں پر خطرناک ڈرائیونگ اور ضابطوں کا فقدان ہے۔

مارچ میں جنوبی صوبہ ہلمند میں ایک بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوگئے تھے۔

ایک اور خطرناک حادثہ دسمبر 2022 میں سالانگ پاس پر بھی پیش آیا تھا، جس میں ایک آئل ٹینکر تیزرفتاری کے بعد الٹ گیا تھا اور اس میں آگ لگ گئی تھی، اس حادثے میں 31 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024