• KHI: Zuhr 12:34pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:30pm
  • KHI: Zuhr 12:34pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:30pm

وزیراعظم کی آذربائیجان کے سفارتخانے آمد، طیارہ حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس

شائع December 26, 2024
فوٹو:اے پی پی
فوٹو:اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور قازقستان میں اس کے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم آذربائیجان کے سفارت خانے گئے اور اس کے سفیر سے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم نے قازقستان کے علاقے اکٹاؤ میں آذربائیجان کے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

انہوں نے زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام آذربائیجان کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے مابین مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی بھائی چارے کے مضبوط تعلقات ہیں۔

بیان کے مطابق آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وزیراعظم کا ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وزیراعظم پاکستان کا آذربائیجان کے سفارت خانے آ کر اظہار افسوس کرنا ہمارے لیے انتہائی قابل قدر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آذربائیجان ایئرلائنز کا مسافر طیارہ 67 افراد سمیت قازقستان میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، وزارت مواصلات کا کہنا تھا کہ طیارے میں سوار 32 افراد کو بچالیا گیا ہے۔

ایئرلائنز کے مطابق طیارے میں 62 مسافر اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے، ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز میں آذربائیجان کے37، روس کے 16، قازقستان کے 6 اور کرغزستان کے 3 شہری سوار تھے۔

کارٹون

کارٹون : 28 دسمبر 2024
کارٹون : 27 دسمبر 2024